انارکلی کے علاقہ گنپت روڈ پر ہولناک آتشزدگی سے دو پلازے تباہ‘ کروڑوں کا نقصان

Apr 02, 2017

لاہور (سٹاف رپورٹر+ خبرنگار+ ایجنسیاں) لاہور میں انارکلی بازار کے علاقہ گنپت روڈ پر 2 پلازوں میں آگ لگنے سے درجنوں دکانوں میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا۔ آگ لگنے سے پورے علاقہ میں خوف وہراس پھیل گیا اور اردگرد کے تمام پلازے بھی خالی کر دئیے گئے۔ فائر بریگیڈ نے 8 گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ ریسکیو کی 15 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف رہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ معلوم ہو اہے کہ تھانہ انارکلی کے علاقہ گنپت روڈ پر موجود ایک کی دکان میں اچانک آگ لگ گئی کچھ ہی دیر میں پورے پلازے کو لپیٹ میں لے لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے آگ دوسرے پلازے تک بھی پہنچ گئی جس سے ان پلازوں کی دکانوں میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل گیا۔ پلازوں میں بڑی تعداد میں ڈیکوریشن کا سامان موجود تھا جو جل کر راکھ ہو گیا تاہم آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کی کوششیں کرتی رہی۔ تنگ راستوں کے باعث امدادی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور آگ پر قابو پانے میں زیادہ وقت لگا۔ متاثرہ دکانوں کے مالکان ریسکیو عملے پر برہم ہوگئے، پلازہ مالکان کا کہنا تھا کہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ نے بروقت کارروائی نہیں کی۔ متاثرہ تاجر بے بسی کی تصویر بنے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی لٹتے دیکھتے رہے۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بھی آگ بجھانے کی کوشش کی۔ متاثرہ دکانوں کے مالکان نے امدادی کارروائی میں تاخیر پر احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا دکانوں کے شٹر اور تالے توڑ دئیے جاتے تو اس قدر نقصان نہ ہوتا۔ پلازہ میں لگی آگ نے شدت اختیار کی تو قریبی عمارتوں کی بجلی بھی منقطع کردی گئی جب کہ ذرائع کا کہنا تھا عمارت میں کیمیکل کی موجودگی کے باعث آگ نے شدت اختیار کی۔ لارڈ میئر لاہور کرنل(ر) مبشر جاوید‘ ڈپٹی کمشنر سمیرا احمد سید اور سی سی پی اور لاہور کیپٹن (ر) امین وینس نے جائے وقوعہ کا دورہ کرکے تاجروں سے ملاقات کی۔ لارڈ میئر نے کہا کہ پلازے اور گوداموں میں آگ پکڑنے والی اشیاءموجود تھیں جس کی وجہ سے آگ نے شدت اختیار کی۔ دکانوں میں پلاسٹک بہت بڑی مقدار میں موجود تھا اور پلاسٹک اپنی ہی گرمی سے آگ کا سبب بنتا ہے۔ اب انارکلی کا ایک ایک گودام چیک ہو گا اور ےونےن کے صدور کے ساتھ ملکر مارکیٹوں کا سروے کےا جائے گا۔ تاجر حضرات اپنے گودام یہاں سے باہر لے جائیں۔

آتشزدگی

مزیدخبریں