لاہور، کراچی، سرگودھا، اسلام آباد (ایجنسیاں+ سٹاف رپورٹر) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری نے اتوار کو ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و خروش سے منایا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔ ملک بھر میں آج 2 اپریل کو وفاقی حکومت نے مسیحی برادری کیلئے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ایسٹر کا آغاز مذہبی عبادات سے کیا گیا، خواتین، بچوں اور مردوں کی بہت بڑی تعداد نے گرجاگھروں میں دعائیہ تقریبات میں شرکت کی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے بھی خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ گرجا گھروں کو برقی قمقموں، رنگ برنگی جھنڈیوں اوردیگر آرائشی اشیا سے خوبصورتی سے سجایا گیا اور اس دن کی مناسبت سے کراچی کے مختلف گرجا گھروں میں تقریبات منعقد ہوئیں جب کہ ملک بھرکے گر جا گھروں کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ گرجا گھروں کے گردونواح کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹر کیا گیا۔ایسٹرکے موقع پر مسیحی برادری کے افراد نے قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر پھول چڑھائے۔ ٹرینٹی چرچ کے بشپ فادر ڈینئل کا کہنا ہے کہ ایسٹر عیسائیوں کا سب سے بڑا مذہبی تہوار ہے۔ سکیورٹی خدشات کے باعث صوبہ بھر کے 25 سو سے زائد گرجا گھروں پر 30 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے، ضلع سرگودھا کے گرجا گھروں پر 1 ہزار سے زائد سکیورٹی تعینات کی گئی تھی۔ سرگودھا کے بیشتر گرجا گھروں میں صبح پانچ بجے دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں اور دن بھر مسیحی برادی دن بھر اپنے اپنے گرجا گھروں میں جاتی رہی۔ تمام مسیحی بستیوں میں بھی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ این این آئی کے مطابق ملک بھر میں(آج)2 اپریل پیر کو مسیحی برادری کیلئے عام تعطیل ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے مسیحی برادری کے افراد کیلئے ایسٹر کے اگلے روز پیر کو تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی ممبر سازی مہم کے دوسرے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مسیحی برادری سے ایسٹر اور تنظیم سازی مہم کے سلسلے میں خطاب کیا۔ خطاب کے دوران چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مسیحی برادری کو ایسٹر کی مبارکباد پیش کی اور یقین دلایا کہ نئے پاکستان میں سب انسان برابر ہوں گے۔ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارک باد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ ملک میں اقلیتوں کے خدمات کو سرایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا ہے کہ ہم اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرتے ہیںاور ان کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں ہمارے ملک کی اقلتیں امن پسند اور محب وطن ہے۔ ملکی ترقی میں اقلیتوں کا بڑا ہاتھ ہے۔ ایسٹر کے خوشی کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارک باد دیتا ہوں۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے یہ مبارکباد ’’ٹوئیٹر‘‘ پر اپنے پیغام میں دی۔