غزہ/ انقرہ/ مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی) اسرائیلی فوج نے خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کے اندر کارروائی کر سکتے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے بریگیڈیئر جنرل رونن منیلس نے صحافیوں کو بتایا کہ غزہ میں حماس فلسطینی مظاہرین کو استعمال کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف اپنے حملوں کو چھپا رہی ہے۔ اسرائیل نے 16 فلسطینیوں کی شہادت پر آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔ غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں 16 فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔ فلسطینیوں نے ہلاک ہونے والے افراد کی تدفین کی اور ’بدلے‘ کا نعرہ لگایا۔ جنازوں میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ حماس نے کہا غزہ میں پرامن اور نہتے مظاہرین پر اسرائیلی فوج کے طاقت کے وحشیانہ استعمال پر اس کی مذمت نہ کرنا سلامتی کونسل کی صہیونیت نوازی کا ثبوت ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ہونے والے سلامتی کونسل کے اجلاس میں غزہ کی پٹی میں اسرائیلی ریاست کی جارحیت کی مذمت نہ کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ ترک صدر طیب اردگان نے اسرائیلی وزیراعظم کو دہشت گرد قرار دیا ہے۔ نیتن یاہو نے جواب میں کہا کردوں پر بمباری کرنے والے ترک صدر انہیں سبق نہ پڑھائیں۔ امریکہ نے غزہ پر سلامتی کونسل کا بیان روک دیا ہے۔