لاہور+ کراچی (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر+ اسحاق بلوچ) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تین میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے پہلے میچ میں 143رنز سے ہرا کر ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ گرین شرٹس نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 203رنز بنائے۔ فخر زمان چوبیس گیندوں پر 39‘بابر اعظم تیرہ گیندوں پر سترہ ‘حسین طلعت 37 گیندوں پر 41‘کپتان سرفراز احمد 22 گیندوں پر 38‘آصف علی ایک رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ شعیب ملک نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 14 گیندوں پر ناقابل شکست 37‘فہیم اشرف نو گیندوں پر سولہ رنز بناکر آئوٹ رہے ۔ کالی آندھی نے سات بائولر استعمال کئے مگرتین وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے ۔ پاول ‘ایمرٹ اور آر پاول نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز ٹیم کی بیٹنگ لائن پاکستانی بائولنگ لائن کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی ،204رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری ٹیم9وکٹوں پر 60رنز بناسکی۔ پر مائول زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کیلئے نہ آسکے ۔ پاکستان نے ویسٹ انڈیزکو 143رنز سے شکست دی جوگرین شرٹس کی مختصر ترین دورانیہ کی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑی فتح ہے۔دنیا بھر میں کسی بھی ٹیم کی یہ دوسری بڑی کامیابی ہے اس سے قبل سری لنکا کی ٹیم کینیا کے خلاف 172 رنز میچ جیت چکی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے مارلن سیموئل 18 ،ریاد ایمرت 11 اور کیموپال 10 رنز ناٹ کے ساتھ نمایاں سکورر رہے ،ا س کے 7 کھلاڑی دوہراہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے‘چار کھلاڑی کھاتہ بھی نہ کھول سکے۔پاکستان کی طرف سے محمد عامر ، محمد نواز اور شعیب ملک نے 2،2 جبکہ حسن علی ، شاداب خان اور حسین طلعت نے 1،1 وکٹ اپنے نام کی۔بڑے ہدف کے تعاقب کیلئے ویسٹ انڈیز کی طرف سے چیڈوک والٹن اور آندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا ،پہلے اوور کی چوتھی گیند پر محمد نواز نے والٹن کو پویلین کا راستہ دکھایا ،وہ 6رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔دوسرے اوور میں محمد عامر نے اوپنر آندرے فلیچر اور کپتان جیسن محمد کو میدان بدر کیا تو ویسٹ کی 3 وکٹیں صرف 8رنز گر چکی تھیں۔ چوتھی وکٹ 15 کے مجموعی سکور پر گری ، دنیش رام دین کو صفر کے سکور پر حسن علی نے محمد نواز کی مدد سے قابو کیا۔ 27 کے سکور پر رومین پاول کی وکٹ شاداب خان کے حصے میں آئی ،وہ 5رنز بناسکے۔ چھٹی وکٹ 33 کے سکور پر گری، 18 رنز بنانے والے مارلن سیموئل کا کیچ فہیم اشرف نے محمد نواز کی گیند پر لیا۔ ریاد ایمرت11 رنز بنا کر شعیب ملک کی گیند پر حسین طلعت کو کیچ تھما بیٹھے ا۔51کے سکور پرشعیب ملک نے کیسرک ولیمزکو بابر اعظم کی مدد سے قابو کرلیا۔ویسٹ انڈیز کی نویں وکٹ 60 کے سکور پر گری ، 7رنز بنانیوالے سیموئل بدری کو حسین طلعت نے آئوٹ کردیا ،آخری بیٹسمین ویرا سیمی پرمول زخمی ہونے کے باعث بیٹنگ کے لئے میدان میں نہیں اترے۔محمد نواز ‘محمد عامر‘شعیب ملک نے دو دو جبکہ حسن علی ‘شاداب خان اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔حسین طلعت کو آل رائونڈ پرفارمنس دینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ آج رات ساڑھے سات بجے کھیلا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پہلے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کامیابی پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباددی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ قومی کھلاڑیوں نے بیٹنگ ، بائولنگ اور فیلڈنگ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے۔ پاکستان کے کھلاڑیوں نے ثابت کیا ہے کہ میدان میں محنت، لگن اور جذبے کے ساتھ کھیلا جائے توکامیابی قدم چومتی ہے۔امید ہے ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف باقی میچوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ واضح رہے پاکستان نے یہ ٹی ٹوئٹی میں رنز کے اعتبار سے عالمی سطح پر دوسری سب سے بڑی فتح جبکہ قومی سطح پر سب سے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ ویسٹ انڈیز کے 7 بیٹسمین ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکے۔
کالی آندھی207 کے جواب میں60 رنز پر ڈھیر‘ پاکستان کی دوسرے بڑے ریکارڈ مارجن سے فتح
Apr 02, 2018