راولپنڈی (اے پی پی )پاکستان ریلویز نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی ہدایات پر راولپنڈی تا کراچی ریل کرایوں میں 10فیصد کمی کر دی۔ ڈویژنل کمرشل آفیسر پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن رضا علی حبیب نے گذشتہ روز اے پی پی کو بتایاکہ پاکستان ریلوے نے راولپنڈی تا کراچی کرایوں میں 600روپے کمی کر دی ہے ،راولپنڈی سے کراچی کینٹ تک کرایہ 5990روپے سے کم کر کے 5390روپے کر دیا گیا ہے جبکہ اسی طرح مارگلہ ریلوے اسٹیشن سے کراچی تک کے کرایوں میں بھی یہی کمی کی گئی ہے ۔ رضا علی حبیب نے بتایاکہ ریل کے محفوظ سفرکے اقدامات ،معیاری سروسز اور ٹرینوں کی بروقت آمد و رفت کی بدولت ریل کے مسافروں کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہو رہاہے اور راولپنڈی ڈویژن میں 2017میں 42,56,318 مسافروں نے ریل کا سفر کیا جبکہ پاکستان ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں 1479.389 ملین روپے کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 1497.362 ملین روپے کی آمدن حاصل کی۔ ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے پسینجر سروسز کے ذریعے آٹھ ماہ میں مقررہ ہدف سے 17.964 ملین روپے اضافی کمائے ۔انہوں نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ 2013میں پاکستان ریلوے کی مسافر و مال بردار ٹرینوں کے ساتھ دیگر تمام سروسز کی مجموعی آمدن 18ارب روپے تھی جبکہ رواں مالی سال کے صرف پہلے آٹھ ماہ کے دوران تقریباً31ارب روپے کا ریونیو حاصل کر لیا گیا ہے ۔ انہوںنے بتایاکہ ریلوے راولپنڈی ڈویژن نے مسافروں کی سہولت کے لئے ای ٹکٹنگ اور ڈپلی کیٹ ٹکٹ کی سہولت سمیت متعدد اقدامات بھی جاری ہیں ۔