کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور ہمیں اس جنگ میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ وفاقی حکومت کی کاوشوں کے سبب ملک میں امن قائم ہوا ہے۔ عوام کے مسائل کے حل کے لئے حکومت اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ کراچی میں فلم فیسٹیول اور پاک ویسٹ انڈیز سیریز کا انعقاد خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شام فریئر ہال میں فلم فیسٹیول کی ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان فلم فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے۔ اس فیسٹیول کے انعقاد سے لوگوں کو تفریح کے مواقع میسر آئے ہیں۔ پاکستان کی نوجوان نسل بہت ذہین ہے اور ملک کی ترقی نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ حکومت فلم انڈسٹری کی ترقی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ جو نوجوان فلم انڈسٹری میں اپنا مستقبل بنانا چاہتے ہیں وہ آگے آئیں۔ اس فیلڈ میں بھی ترقی کے بہت سے مواقع ہیں۔ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری اور آرٹس کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کررہی ہے۔بعد ازاں انہوں نے نمایاں کارکردگی کے حامل فلم فیسٹیول کے شرکاء میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔
/وفاقی حکومت کی کاوشوں سے ملک میں امن قائم ہوا: مریم اورنگزیب
Apr 02, 2018