زرداری نے معیشت اجاڑ دی تھی، سیاست، جموریت کو چلنے دینا چاہیے: احسن اقبال

نارووال+ چک امرو (نامہ نگاران) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے نیشنل پریس کلب (رجسٹرڈ) نارووال کی تزئین وآرائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا میڈیا ریاست کا چوتھا اہم ستون ہے] ملک میں جمہوریت کمزور ہوگی تو میڈیا بھی کمزور ہوگا اس لئے ملک کو ترقی اور جمہوریت کو مضبوط رکھنے کیلئے میڈیا اہم کر دار ادا کر رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا 2013ء میں جب مسلم لیگ (ن) نے حکومت سنبھالی تو زرداری دور نے پاکستان کی معیشت کو تباہ و برباد کرکے اجاڑ دیا ہوا تھا، اس وقت تباہ حال معیشت کو ہمارے حوالے کیا گیا‘ ملک میں اس وقت 20 سے 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ تھی اور مزدور سڑکوں پر تھے‘ بیرونی ماہرین کا کہنا تھا پاکستان میں سول وار شروع ہو رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک سے تقریباً لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر دیا ہے اور دن رات محنت کرکے 10ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی جس سے ملک کے کارخانے چل پڑے اور اب ملک ترقی کی طرف گامزن ہے وزیر داخلہ نے کہا آج کا دور اسلحہ کا دور نہیں بلکہ ایجادات کا دور ہے کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے سب سے پہلے تعلیم کو عام کرنا ہوگا اس ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت میں ملک کے چپے چپے میں یونیورسٹیوں کے جال بچھائے گئے ہیں۔ اب 2018ء کے الیکشن میں عوام کو ان پالیسیوں کا فیصلہ کرنا ہے جو اربوں ڈالروں کے منصبوے جاری ہیں جن میں پاکستان دنیا میں ابھرے گا ان کو جاری رکھنا ہے یا وہ جو تبدیلی کا نعرہ لگا رہے ہیں ان کی طرف جانا ہے اگر مسلم لیگ ن 2018ء کے الیکشن میں عوام کے ووٹ کی طاقت سے دوبارہ حکومت میں آتی ہے تو ترقی کے منضبوبوں کی جو زیر تکمیل ہیں پایہ تکمیل تک پہنچ جائیں گے ورنہ ترقی کا سفر مزید پیچھے چلا جائے گا اور اب عوام نے یہ فیصلہ کرنا ہے تبدیلی لا کر 0 میٹر کرنا ہے یا کامیاب پالیسوں سے ملک کو مزید آگے لیکر جانا ہے دہشت گردی اور لوڈشیڈنگ ہمیں ورثے میں ملی۔ سی پیک کا خواب حقیقت میں بدل چکا ہے۔ نیشنل پریس کلب کے صدر ایم حفیظ اللہ، جنرل سیکرٹری سعید الحق ملک، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے صدر عارف محمود اُپل اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا احسن اقبال نے نیشنل پریس کلب کو حکومت کی جانب سے10لاکھ روپے کی جو گرانٹ دلائی ہے اس سے ہم ان کے مشکور ہیں۔ احسن اقبال اور خواجہ محمد وسیم بٹ نے نیشنل پریس کلب کے عہدیداران اور ممبران کو بہترین صحافت کرنے پر ایوارڈ بھی دئیے۔ چک امرو سے نامہ نگار کے مطابق نارووال میونسپل کمیٹی میں صحافیوں‘ تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا تو معیشت کریش کرجائیگی اور خدانخواستہ معیشت کریش کر گئی تو ہم سرمایہ کاری کا بوجھ برداشت نہیں کرسکیں گے۔ پہلی مرتبہ حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم کیلئے ایک سو ارب سے زمین خریدی۔ 2018ء میں دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر شروع ہوجائے گی انہوں نے کہا غازی بروتھا کے بعد کسی نے بڑا آبی منصوبہ نہیں بنایا تھا۔ کے پی کے میں جلد ڈیم کی تعمیر شروع کر دی جائیگی انہوں نے کہا سیاستدان قوم کے فر یادی ہوتے ہیںپاکستان میں سیاست اور جمہوریت کو چلنے دینا چاہئے۔ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن کیخلاف سازش کی جا رہی ہے۔2013ء میں ہمیں لٹا پٹا پاکستان ملا، زرداری کی کرپشن کے بعد ملک ہمارے سپرد کیا گیا۔ این این آئی کے مطابق احسن اقبال نے کہا آئندہ عام انتخابات میں پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہوگا حکومت متاثر ہوئی تو گلے کا پھندا بھی بن سکتی ہے۔ معیشت مضبوط نہ ہوئی تو اسلحے کے انبار لگانا بیکار ہے، ہمیں اپنی معیشت مضبوط کرکے ملک کو مقابلے کیلئے تیار کرنا ہے۔
احسن اقبال

ای پیپر دی نیشن