وزیراعظم اور چیف جسٹس کے درمیان ملاقات کی مذمت کرتے ہیں: کائرہ

Apr 02, 2018

چنیوٹ (نامہ نگار) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر سید حسن مرتضیٰ کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے حال ہی میں چیف جسٹس اور وزیراعظم کے درمیان ہونے والی ملاقات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بتائیں وہ چیف جسٹس کے پاس کیا لینے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون چیف جسٹس اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات کی اجازت نہیں دیتا، ہم اس ملاقات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے چیئرمین سینٹ سے متعلق بیان پر بھی شدید تنقید کی، کہا کہ وزیراعظم سینٹ کو بے تقدس نہ کریں، وزیراعظم پہلے عدلیہ اور اب سینٹ پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سینٹ میں ووٹوں کی خریداری اور سینٹ کی توہین کرنے والے وزیراعظم آج قومی اسمبلی کے ووٹوں کی خریداری میں مصروف ہیں، چند مخصوص گروہوں کی طرف سے پیپلز پارٹی پر بہتان بازی کی جا رہی ہے۔ تحریک انصاف کے ساتھ سیاسی گٹھ جوڑ سے متعلق سوال پر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ جمہوری روایات میں ہے کہ الیکشن کے بعد سیاسی جماعتیں مل کر حکومت بنا سکتی ہیں۔ قمر زمان کائرہ نے سابق وزیراعظم نواز شریف پر بھی شدید تنقید کی کہا کہ نواز شریف ملک کا سیاسی نظام لپیٹنا چاہتے ہیں، میاں صاحب جائیداد رکھنے کا الزام آپ پر نہیں بلکہ آپ کی اولاد پر ہے۔
کائرہ

مزیدخبریں