اڑیسہ(اے این این)انڈیا کی مشرقی ریاست اوڈیشہ (اڑیسہ)میں ابھی مگرمچھ کا خوف کم نہیں ہوا کہ بندروں کا نیا خوف پیدا ہو گیا ہے۔انڈیا کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریاست کے کٹک ضلع میں انسانی بچے کو ایک بندر اٹھا لے بھاگا ہے اور حکام اس کی تلاش میں ہیں۔یہ بچہ صرف 16دنوں کا ہے اور وہ تلابستا گاﺅں کے اپنے گھر میں اپنی والدہ کے ساتھ سو رہا تھا کہ اسے بندر نے اچک لیا۔یہ بات امدادی کاموں میں شامل محکمہ جنگلات کے ذرائع نے بتائی ہے۔ماں نے جب بندر کو بچہ لے کر بھاگتے دیکھا تو انھوں نے شور مچایا پھر گاﺅں والے جمع ہو گئے اور اس واقعے کی حکام کو خبر کی گئی۔محکمہ جنگلات اور آگ بجھانے والے محکمے کے اہلکار گاﺅں پہنچ گئے ہیں اور بچے کی تلاش جاری ہے۔محکمہ جنگلات کے ا۔یک افسر نے بتایاکہ بچہ کو رونے میں تکلیف ہے اس لیے ہمیں اس کے رونے کی آواز نہیں مل رہی اور اسی لیے اسے تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔انھوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے 30 افراد سنگرام کیشری موہنتی کی قیات میں تین ٹیموں میں منقسم ہو کر گاﺅں والوں کے ساتھ بچے کی تلاش کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند دنوں کے دوران اس علاقے میں بندروں کے حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ انڈیا میں بہت سے لوگ بندروں کو پوجتے ہیں اور انھیں کھانے پینے کی چیزیں دیتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جیسے جیسے جنگلات ختم ہورہے ہیں یہ بندر رہائشی علاقوں کا رخ کررہے ہیں اور کھانے کیلئے ان کا انسانوں پر حملہ کرنا عام ہے۔
بھارت‘ بندر