لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) سابق کپتان یونس خان کو قومی جونیئر ٹیم کا ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر بنائے جانے کا امکان ، پی سی بی نے تیاری مکمل کر لی ہے۔مئی میں باسط علی کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد پوری ہو جائے گی اور پی سی بی انتظامیہ نے باسط علی کی سلیکشن کمیٹی کے عہدے کی معیاد میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد سابق کپتان یونس خان کو طویل مدت کے لیے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمے داریاں سونپے جانے کا امکان ہے۔ پی سی بی چیئرمین احسان مانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ پی سی بی بھارتی طرز پر جونیئر ٹیم کا کوچ لانا چاہتا ہے۔ راہول ڈریوڈ طرز کے فارمولے پر یونس خان کو سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ کی دہری ذمے داری سوپنی جائے گی۔ پی سی بی کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس خان کو بااختیار اور طویل مدت کے لئے کوچ بنایا جائے گا، انہیں سلیکشن کمیٹی کا بھی سربراہ بنایا جائے گا۔ احسان مانی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ کرکٹ امور میں کوئی مداخلت نہیں کرتے ہیں اس لیے یونس خان کو جونیئر کرکٹرز کو گروم کرنے اور مستقبل کے سٹار بنانے کی ذمے داری سونپی جائے گی۔ معاہدے کی تفصیلات طے ہونے کے بعد اس کا اعلان مئی میں متوقع ہے۔