لاہور(سپورٹس رپورٹر) آسٹریلیا کے ہاتھوں ون ڈے سیریز میں کلین سویپ شکست پر سٹار کرکٹرز نے قومی سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ کو ورلڈکپ کے لئے اہم مشورے دے دئیے، ٹیسٹ کرکٹرز محمد عرفان، محمدآصف اور ہمایوں فرحت کہتے ہیں کہ ورلڈکپ کے لئے ان فارم کھلاڑیوں پر انحصار کیا جائے، کلین سویپ شکست نے ٹیم کی تیاریوں پر کئی سوالیہ نشان اٹھا دیئے ہیں۔ محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے باولرز کی ایک جیسی سپیڈ ہے اس لئے محمد عامر سمیت جو بھی باؤلر ردھم میں ہے اس کو ورلڈ کپ کے لئے موقع دیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیاکے خلاف سیریز میں سلیکشن کمیٹی نے تمام نوجوان باولرز کو آزما کر دیکھ لیا ہے اب ان کے پا س اچھی ٹیم بنانے کا بہترین موقع ہے۔ چوتھے ون ڈے میں دو بلے بازوں نے سنچریاں سکور کیں مگر پاکستانی ٹیم پھر بھی ہار گئی جو کہ حکمت عملی کے فقدان کو ظاہر کرتا ہے۔