حکومت شاہ خرچیاں کم کرنے کی بجائے مہنگائی بم گرا رہی ہے: فنکار

لاہور ( کلچر ل رپورٹر) حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر فن کاروں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ اداکارہ کنول نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافہ کر رہی ہے۔ لوگ پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے تھے اوپر سے حکومت نے ان پر پٹرول بم گرا کر انہیں زندہ درگور کر دیا ہے۔ اداکارہ میرا نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی مزید بڑھ جائے گی لہٰذا حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لے۔ ادکارہ ماہ نور نے کہا کہ موجودہ حکومت ناکام ہو گئی ہے۔ وہ اپنی شاہ خرچیاں کم کرنے کی بجائے عوام پر مہنگائی بم گرا رہی ہے۔ اداکار طاہر انجم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے عوام کو ریلیف دینے کے وعدے کئے تھے مگر اب ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دے رہے ہیں۔ انہیں فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہئے۔ مسلم لیگ ن کلچرل ونگ پنجاب کی صدر مسز ملک نے کہا ہے کہ حکمران اپنی شاہ خرچیاں کم کر دیں تو انہیں پٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

ای پیپر دی نیشن