کراچی (صباح نیوز) اپنے خوابوں اور پیش گوئیوں کے حوالے سے مشہور پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان کا کہنا ہے کہ جون کے بعد حالات ایسے ہوں گے کہ عمران خان خود ہی استعفی دیں گے۔ سوشل میڈیا پر جاری وڈیو میں منظور وسان نے کہا ہے کہ جس طرح حکومت ٹوئٹر سے چلائی جارہی ہے اس طرح حکومتیں نہیں چلائی جاتیں، عمران خان پر عوام کا اعتماد ختم ہوچکا ہے، عمران خان کو ان کی اپنی پارٹی کی طرف سے الجھن کا شکار کروایا جارہا ہے، پارٹی رہنمائوں کی طرف سے ایسے حالات پیدا کئے جائیں گے جس سے عمران خان کی اہمیت ختم ہوجائے گی۔ منظور وسان نے کہا کہ عمران خان کی خیبر پی کے اور پنجاب میں پہلے والی پوزیشن ختم ہوتی جارہی ہے۔ وزیر اعظم سے غلط کام کروائے جائینگے جس سے ان کی اہمیت ختم ہو جائیگی، ہو سکتا ہے شاہ محمود کو نیا وزیر اعظم لایا جائے۔