وزیراعلی عثمان بزدار کے والد فتح محمد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

Apr 02, 2019

تونسہ شریف، لاہور (ایجنسیاں+ نامہ نگار+ نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ سپورٹس رپورٹر) وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے والد سردار فتح خان بزدار دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ ان کی نمازجنازہ شاہ سلیمان سٹیڈیم تونسہ میں ادا کردی گئی ہے۔ نمازجنازہ میں سردار عثمان بزدار، جہانگیر ترین، میاں محمود الرشید، ڈاکٹر شہباز گل، آئی جی پنجاب پولیس امجد جاوید سلیمی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور ہزاروں کی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ سردار فتح محمد بزدار ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے تمن بزدار سے تعلق رکھتے ہیں۔ سردار فتح محمد بزدار کا خاندان کئی دہائیوں سے صوبہ پنجاب کی سیاست میں متحرک ہے اور مختلف ادوار میں کئی سیاسی جماعتوں کے ساتھ منسلک رہ چکا ہے۔ صف اول کے جن پچاس کارکنان تحریک پاکستان کو گولڈ میڈل پیش کیے ان میں سردار عطا محمد بزدار کا نام بھی شامل تھا۔ سردارعطا محمد بزدار کے بعد دوست محمد بزدار قبیلے کے چیف رہے۔ سردار دوست محمد کی وفات کے بعد سردار فتح محمد بزدار قبیلے کے سربراہ بنے جو کہ ضیاء الحق کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن بھی رہے۔ سردار فتح محمد بزدار نے اپنی ابتدائی تعلیم بارتھی سے حاصل کی۔ وہ کراچی یونیورسٹی سے ایم اے کر چکے تھے۔ سردار فتح محمد بزدار 1985 کو مجلس شوری کے رکن منتخب ہوئے۔ 1985ء کے غیر جماعتی انتخابات میں رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو کر مسلم لیگ میں شامل ہو گئے۔ 2002 اور 2008میں بھی رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے۔ بعدازاں اپنی ضعیف العمری کے باعث اپنے بڑے بیٹے سردار عثمان بزدار کو اپنی جانشینی اور سیاسی وراثت سونپ دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب کے والد سردار فتح محمد بزدار کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ شہباز شریف، آصف زرداری، چودھری شجاعت پرویز الٰہی ، مونس الٰہی، صمصام بخاری، سراج الحق چیئرمین سینٹ، سینیٹر شبلی فراز، راجہ ظفر الحق ماحولیات محمد رضوان وزیراعلیٰ امور پنجاب اعجاز عالم، طاہر القادری، محمود الرشید، منظور وٹو، لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر وزیراعلیٰ اکرم چودھری، آئی جی پنجاب، وزیراعلیٰ پنجاب کے والد کی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے۔عثمان بزادر کے والد کی نماز جنازہ بزرگ شخصیت حاجی فضل حسین نے پڑھائی۔ بعد ازاں مرحوم کے جسد خاکی کو آبائی علاقے بارتھی لے جایا گیا اور بارتھی میں بھی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ سردار فتح محمد خان کی تدفین بارتھی میں ان کی آبائی رہائشی کے احاطے میں کی گئی ۔ آن لائن کے مطابق شہباز شریف نے عثمان بزدار کو ٹیلی فون کرکے والد کی وفات پر تعزیت اور مرحوم کے درجات کیلئے دعا کی۔

مزیدخبریں