اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +صباح نیوز+ این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سی ڈی اے سے متعلقہ امور پر اجلاس ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان، ترجمان وزیر اعظم ندیم افضل چن، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا، چئیرمین سی ڈی اے عامر احمد علی و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ چئیرمین سی ڈی اے کی جانب سے وزیر اعظم کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری کاروائیوں، سٹرکچرل و پروسیجرل ریفارمز، سوشل سیکٹر کی بہتری، ماحولیات کے تحفظ، مالی وسائل بڑھانے کے حوالے سے اقدامات، تعطل کا شکار پراجیکٹس کی بحالی و دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔ وفاقی دارالحکومت میں پناہگاہوں کی تعمیر کے حوالے سے وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ترلائی، آئی الیون (پیر ودھائی) اور جی نائن (پشاور موڑ) پر پناہ گاہوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جس میں بے سہارا افراد کو رہائش اور کھانے پینے کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ چئیرمین سی ڈی اے نے بتایا کہ مل پور اور کورنگ ایریا میں غیر قانونی قبضے چھڑانے کا کام جاری ہے۔ ای بارہ (E-12) سیکٹر میں دو ہزار کنال اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔ اسی طرح جی ٹی روڈ پر تین سو کنال قیمتی اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ آئی فورٹین اور آئی سکسٹین سیکٹرز لنک روڈ شروع کی تعمیر شروع کی جا چکی ہے۔ آئی ففٹین اور پارک انکلیو پر کام جاری ہے۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ اب تک وفاقی دارالحکومت میں ساٹھ پارکس کو بحال کیا جا چکا ہے۔ کلین گرین مہم میں اب تک پانچ لاکھ پودے لگائے جا چکے ہیں۔ چئیرمین سی ڈی اے کی جانب سے ادارے میں سٹرکچرل ریفارمز ، اربن ریجنریشن پلان ،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پلان اور وفاقی دارالحکومت کے مکینوں کی پانی کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے اقدامات پربھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان سے قطر کے ایک وفد نے ملاقات کی۔قطر کے سرمایہ کاری کے ادارے نے پاکستان میں ہائوسنگ ، توانائی ، سیاحت اور ایئر پورٹ مینجمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ قیادت شیخ فیصل بن ثانی الثانی نے کی۔قطری وفد میں ہائوسنگ ، سیاحت ، ریئل اسٹیٹ اور توانائی کے شعبوں کے مختلف اداروں کے سربراہ شامل تھے۔وزیراعظم نے سرمایہ کاروں اور تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کیلئے حکومت کی طرف سے کئے جانے والے مختلف اقدامات اور پالیسی میں اصلاحات کو بھی اجاگر کیا۔تجارت کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق دائود اور سرمایہ کاری بورڈ کے چیئرمین ہارون شریف بھی ملاقات میں موجود تھے۔وزیر اعظم عمران خان سے وزیر مواصلات مراد سعید نے بھی ملاقات کی جس میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پیر کو ہونے والی ملاقات میں وزیر مواصلات نے اپنی وزارت کی کار کر دگی کے حوالے سے بریفنگ دی وزیر اعظم عمران خان نے وزیر مواصلات کی کار کردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو سہولیات فراہم کر نا حکومت کی ذمہ داری ہے ۔
قطر کے تجارتی وفد کی عمران سے ملاقات، سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار
Apr 02, 2019