اسلام آباد+ لاہور (نمائندہ خصوصی+ خصوصی نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کا معاملہ پارلیمانی میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پیر کو ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے نام کی تبدیلی کے معاملے کی بھرپور مخالفت کرتے ہوئے معاملہ پارلیمان میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت سے متفقہ قرارداد جمع کرائے گی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر شیری رحمان نے قرارداد سینٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ شیری رحمان نے بی آئی ایس پی سے متعلق وزیراعظم کے بیان کے خلاف قرارداد تیار کرلی۔ شیری رحمن نے کہاکہ بینظیر بھٹو دو مرتبہ وزیراعظم رہ چکی ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کے معاملے کی بھرپور مخالفت کریں گے۔ دریں اثنائمسلم لیگ ن کی ایم پی اے عظمیٰ زاہد بخاری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا اعلان سیاسی انتقام ہے۔ یہ ایوان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیلی کے فیصلے کو مسترد کرتا ہے۔ وہ قومیں ہمیشہ زندہ رہتی ہیں جو اپنے شہداء پر فخر کرتی ہیں۔ بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم کا اعزاز رکھتی ہیں۔ اس پروگرام سے لاکھوں مستحق خواتین فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ اس پروگرام کا نام تبدیل کرنا سیاسی بدنیتی ہیں۔
پی پی کا بینظیر انکم سپورٹ کا نام بدلنے کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا فیصلہ
Apr 02, 2019