بھکر: جاں بحق طالبات کو ساتھیوں کا خراج عقیدت، مرحوم طالبات کی کرسیوں پر ساتھی طالبات نے پھول رکھ دیے

Apr 02, 2019 | 11:05

ویب ڈیسک

بھکر: ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والی طالبات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے امتحانی سنٹر میں مرحوم طالبات کی کرسیوں پر ساتھی طالبات نے پھول رکھ دیے۔ خالی کرسیوں پہ رکھے پھول دیکھ کر امتحانی سنٹر کی فضا سوگوار ہوگئی اورآنکھیں بھیگ گئیں۔ گورنمنٹ ہائی اسکول 47 ٹی ڈی اے میں اسکول کی طالبات نے اپنی ساتھی طالبات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کرسیوں پر پھول رکھ دیے جن پر صرف ایک دن قبل بیٹھ کر انہوں نے پرچہ دیا تھا۔

امتحانی سنٹر پہ پرچے کے دوران نہایت افسردگی کا ماحول تھا اور اسکول انتظامیہ، اساتذہ سمیت طالبات نہایت غمگین و رنجیدہ تھیں۔

بھکر کے علاقے جیسے والا کے قریب مسافر بس نے طالبات کے رکشے کو 31 مارچ کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں سات طالبات اور ایک رکشہ ڈرائیور سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔طالبات امتحان دینے کے بعد امتحانی سینٹر سے واپس آ رہی تھیں کہ یہ حادثہ پیش آگیا تھا۔ایک طالبہ کو زخمی حالت میں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیاگیا تھا ،لیکن وہ اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئی تھی۔

افسوسناک سانحہ کے بعد مدادی کاموں کی نگرانی ڈی سی بھکر اورڈی پی او نے از خود کی تھی۔سانحہ کے بعد مقامی افراد نے سڑک کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر کے احتجاج کیا تھا۔ مشتعل مظاہرین نے رکشے کو کچلنے والی بس بھی نذر آتش کردی تھی۔سانحہ کی اطلاع ملنے پروزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

وزیراعلیٰ نے انتظامیہ سے حادثے کے بارے میں رپورٹ بھی طلب کی تھی۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی تھی کہ حادثے کے ذمہ داران کا تعین کرکے قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں