انٹرپول نے سابق صدر آصف زرداری کے منہ بولے بھائی اویس مظفر ٹپی کو دبئی میں گرفتار کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات انٹرپول نے اویس مظفر ٹپی کو دبئی سے گرفتار کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اویس مظفر ٹپی کو پاکستان لانے کے لیے قانونی کارروائی مکمل کی جائے گی جس کے بعد انہیں جلد ہی پاکستان منتقل کردیا جائے گا۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق سرکاری ذرائع نے ہزاروں ایکڑ سرکاری اراضی فروخت کرنے کے الزام میں اویس مظفر ٹپی کی دبئی میں گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔جبکہ پی پی رہنمائوں نے اویس مظفر ٹپی کی گرفتاری کی تصدیق یا تردید سے گریز کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اویس مظفر ٹپی پر سرکاری زمین غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا الزام ہے۔واضح رہے کہ اویس مظفر ٹپی آصف زرداری کے منہ بولے بھائی ہونے کے باعث انتہائی قریبی سمجھے جاتے ہیں اور وہ سندھ حکومت میں وزیربلدیات بھی رہ چکے ہیں جبکہ اویس مظفر بلدیات کی وزارت سے مستعفی ہوکر بیرون ملک روانہ ہوگئے تھے۔