احتساب کے نام پر ہم سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے، جعلی خبریں پھیلانے کا مقصد پیٹرول بم سے عوام کی نظریں ہٹانا تھا: بلاول بھٹوزرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر ہم سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔لاڑکانہ میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ میں جتنی ترقی صحت کے شعبے میں ہورہی ہے دیگر صوبوں میں نہیں ہے، سندھ حکومت نے صحت کے شعبے میں مثالی کام کیا،این آئی سی وی ڈی میں عالمی معیار کا مفت علاج کیا جاتا ہے،جو ون یونٹ چاہتے تھے وہ سمجھتے تھے کہ یہ کام نہیں کرسکتے لیکن18ویں ترمیم کے بعد جس طرح سندھ حکومت نے کارکردگی دکھائی کسی حکومت نے نہیں دکھائی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ وہ واحد صوبہ ہے جہاں امراضِ قلب کے اسپتال موجود ہیں ، ہم ایسے اسپتال بنانے میں دوسروں کی مدد کرنے کو تیار ہیں، آپ آئیں ہم بتاتے ہیں ایسے اسپتال کیسے چلائے جاتے ہیں۔بلاول بھٹوزرداری نے اویس مظفر ٹپی کی گرفتاری کو جھوٹ اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہاکہ ایسی جعلی خبریں پھیلانے کا مقصد پیٹرول بم سے عوام کی نظریں ہٹانا تھا، میری ایک سال سے اویس ٹپی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ احتساب کے نام پر ہم سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے، جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے مہنگائی کا سونامی آگیا ہے یہ عجیب حکومت ہے کہ جس میں وزیرخزانہ کہتا ہے کہ ہماری معاشی پالیسیوں سے عوام کی چیخیں نکلیں گی پھر وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ہمیں غریبوں کا بہت خیال ہے اگر غریب کا احساس ہے تو مہنگائی کا طوفان کھڑا کیوں کیا۔

ای پیپر دی نیشن