اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈیویژن خرم پرویز راجہ نے کہا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے جاری جزوی لاک ڈائون کے باوجود مرکزی حکومت لاک ڈائون متاثرین کے حوالے سے کسی بھی قسم کی ٹھوس حکمت عملی مرتب کرنے میں ناکام رہی ہے۔ 15جنوری سے وزیر اعظم کرونا وائرس کے حوالے سے پالیسز دیکھ رہے ہیں لیکن ابھی تک عوام کو اس عفریت کے حوالے سے کوئی حکمتِ عملی دینے میں ناکام ہیں ، گزشتہ دو ماہ سے کرونا وائرس کے حوالے سے کوئی ٹھوس میکنزیم تشکیل نہیں دیا جا سکا ہے۔ لاکھوں کی تعداد میں روزانہ اجرت پر کام کرنے والے لوگ گھروں میں لاک ڈائون ہیں جنہیں صرف اور صرف مخیر حضرات راشن اور دیگر ضروریاتِ زندگی فراہم کر رہے ہیں لیکن حکومتی سطع پر صرف اور صرف بیانات اور اعلانات کرکے عوام کو بہلایا جا رہا ہے۔