اسلام آباد(نیوزرپورٹر) وفاقی وزیر فواد چوہدری نے قوم کو وینٹی لیٹرز کا ڈیزائن منظور کرنے کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ حتمی منظوری کے بعد وینٹی لیٹرز کی آزمائش 4 اسپتالوں میں کی جائے گی مقامی طور پر تیار کئے گئے وینٹی لیٹرز کی قیمت بھی کم ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہوچکا ہے جو کورنا وائرس کے خلاف جنگ میں شامل ہیں، اس لیے پاکستان نے وائرس کا مقابلہ کرنے کیلیے ملک میں ہی وینٹی لیٹرز اور ٹیسٹ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بتایا ہے کہ پی ای سی کو وینٹی لیٹرز کے 48 ڈیزائن موصول ہوئے تھے جس میں سے تین منظور ہوگئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ حتمی منظوری کیلیے تینوں ڈیزائن ڈریپ کو بھجوا دئیے ہیں، منظوری کے بعد وینٹی لیٹرز کی آزمائش چار اسپتالوں میں کی جائے گی۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ منظوری کے بعد کمرشل بنیادوں پر وینٹی لیٹرز کی تیاری شروع کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا مقامی طور پر تیار کیے گئے وینٹی لیٹرز کی قیمت کئی گنا کم ہوگی۔