لاہور سمیت کئی شہروں میں آٹا، یوٹیلٹی سٹورز سے اشیا غائب، گراں فروش بے قابو

Apr 02, 2020

لاہور/ بھیرہ/داؤد خیل/ ساہیوال/ وہاڑی/ محمد نگر/ اوکاڑہ / فیصل آباد (کامرس رپورٹر+علاقائی نمائندگان‘ نامہ نگاران سے) لاہور کے بیشتر علاقوں میں سمیت کئی شہروں میںآٹے کا بحران سنگین صورتحال اختیار کر گیا۔ صوبائی دارالحکومت کے بیشتر علاقوں میں دکانوں پر آٹا نایاب رہا، جس کے باعث لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور آٹا ڈیلر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی یوسف کے مطابق لوگ مسلسل اپنی ضرورت سے زائد آٹا خرید رہے ہیں جس سے آٹا نایاب ہے۔ دریں اثناچیئرمین پاکستان فلورملز ایسوسی ایشن عبدالرؤف مختار نے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں فلورملزآٹے کی سستے داموں فراہمی کو ممکن بنا رہی ہیں،آٹے کا کوئی بحران نہیں آئندہ دوتین روز میں گندم کی نئی کھیپ آنے کے بعد آٹا مزید سستا اور  وافر مقدار میں دستیاب ہوگا، فلور ملز مالکان مخیر حضرات کو سستے داموں آٹے کی فراہمی کو ممکن بنائیں، کسی مشکل یا شکایت کی صورت میں فلورملزایسوسی ایشن کو اگاہ کریں فوری ازلہ کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کے بحران کی من گھڑت خبروں میں کوئی صداقت نہیں، بھیرہ میں سرکار ی پوائنٹ پر آٹا فراہم کرنے والا ٹرک عوام کو ہزار روپیہ کا گٹو فروخت کر رہا ہے جبکہ غریب عوام سرکاری پوائنٹس پر آٹا کے حصول کیلئے مارے مارے پھر رہے ہیں اور نشاندہی ہونے کے باوجود انتظامیہ پوائنٹس کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کر رہی ہے۔ دادؤ خیل سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حلقہ کے کئی علاقوں میں آٹے کا بحران ہے۔ داؤد خیل میں یوٹیلٹی سٹوروں پر روزمرہ اشیاء بھی ناپید ہو چکی ہیں۔ داؤد خیل کے یوٹیلٹی سٹورز پر نہ ہی عوام کو چینی، آٹا، آئل اور گھی کے ڈبے میسر ہیں اور دیگر کئی اشیاء بھی غائب ہیں جس سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ روز مرہ کی اشیاء کی قیمتیں بھی آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔ جڑانوالہ میں انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث آٹے کا بحران پیدا ہو گیا۔ سٹالز پر آٹا صبح ہی ختم ہو جاتا ہے۔ سٹالز پر عوام کا رش کرونا وائرس کا بھی باعث بن سکتا ہے۔ جناح پارک بوڑھے مرد و خواتین دس کلو آٹے کا ٹھیلا نہ ملنے پر آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ انتظامیہ نے مبینہ طور پر آٹا مافیا سے گٹھ جھوڑ کر رکھا ہے۔ چیچہ وطنی شہر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر گیا۔ غریب لوگ شہر اور مضافاتی علاقوں میں آٹے کی خریداری کیلئے مارے مارے پھرتے رہے لیکن مارکیٹوں میں آٹا نایاب ہو چکا ہے۔ مصطفیٰ آباد/ للیانی میںآٹے کی قلت ذخیرہ اندوزوں نے من مانے ریٹ وصول کرنا شروع کر دیئے، مخیر حضرات جو غریب عوام میں آٹا تقسیم کرنا چاہتے ہیں انہیں مارکیٹ ریٹ پر آٹا نہیں مل رہا۔ ساہیوال میں ضلع بھر میں مہنگائی کا جن بے قابو ہو گیا، کھانے پینے کی اشیاء کے علاوہ ماسک بھی مہنگے داموں بکنے لگے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سمیت انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی۔ ذخیرہ اندوزوں نے مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔ وہاڑی میں بھی یوٹیلٹی سٹورز پر آٹا اور چینی سمیت دیگر اشیاء ضرورت بھی غائب ہیں۔ دال چناب غریب کی پہنچ سے باہر عوام یوٹیلٹی سٹورز کے چکر کاٹ کاٹ کر خوار ہو گئی۔ لوگوں کا کہنا ہے گراں فروشی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ گگومنڈی میں مہنگے نان فروخت کرنے پر کرمانوالہ نان شاپ مالک کو دو ہزار جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ شاہ پور صدر میں سپیشل مجسٹریٹ بابر شہزاد رانجھا اور تحصیلدار نعیم جانثار نے اشیائے خورونوش کی دکانوں کی چیکنگ کی اور مہنگے داموں اشیاء فروخت کرنے پر وسیم توقیر وغیرہ کو مجموعی طور پر پانچ ہزار روپے جرمانہ کیا۔ نوشہرہ وادی سون نامہ نگار نوشہرہ یوٹیلٹی سٹورز بھی عوام کو ریلی نہ دے سکے۔ چینی آٹا دال ماش، دال مونگی غائب ہے۔ چیف آرگنائزر مزدور کسان کمیٹی ملک نذیر اعوان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا اشیاء کی فراہمی کے ساتھ ساتھ معیار کو بھی بہتر بنایا جائے۔ محمد نگر میں یوٹیلٹی سٹور پر ناقص آٹا کی فراہمی سے معدہ کی بیماریاں عام ہو گئیں۔ آٹا میں پلاسٹک کی آمیزشن پر شہریوں نے انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق اوکاڑہ میں سپیشل برانچ کی نشاندہی پر آٹے میں ملاوث کرنے والی فلور ملز پکڑی گئی۔ مبینہ طور پر آٹے میں نمک ملایا جا رہا تھا۔ تھیلے میں دو کلو نمک کی ملاوٹ کی جا رہی تھی۔ فیکٹری سیل کر دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی کر دیا۔ گگھڑمنڈی مین بازار اور شرقی راہوالی کے دکاندار 20 کلو آٹے کا تھیل 850 روپے سے لیکر 900 روپے تک فروخت کر کے ضرورت مند عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے ارکان اور ضلعی انتظامیہ کے افسران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ تھانہ ٹھیکر والا کے چک 67 ج ب سدھار میں عمران ٹریڈرز اور بٹ کریانہ سٹور کے مالکان نے دوران چیکنگ سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ وقار یوسف کو یرغمال بناکر دکان میں بند کر دیا، بعد ازاں منت سماجت کرنے پر ملزمان نے چھوڑ دیا۔ محمد ندیم ولد فقیر محمد محمد اکرام اکبر بٹ اور 3 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ لالیاں سے نامہ نگار کے مطابق سلانوالی میں آٹا کی قلت کو کنٹرول کرنے کیلئے مقامی انتظامیہ نے آٹا پوائنٹس مقرر کر دیئے۔ جہاں شہریوں کو آٹے کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔

مزیدخبریں