لاہور، اسلام آباد (نیوز رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ)حکومت نے پی آئی اے کو جزوی طور پر فلائٹ آپریشن بحال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ وزیر خارجہ اور وزیر امور ہوابازی کی خصوصی کاوشوں سے وزیر اعظم عمران نے پروازوں کی بحالی کی منظوری دی۔ پہلے مرحلے میں محدود تعداد میں پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا تا کہ ان کی این آئی ایچ کی صلاحیت کے مطابق مربوط ٹیسٹنگ کی جا سکے۔ پہلے مرحلے میں کینیڈا اور برطانیہ کے لئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے پروازیں چلائی جائیں گی۔ ٹورنٹو کے لئے فلائٹ آپریشن 3 اپریل سے بحال ہو گا۔ برطانیہ کے لیے فلائٹ آپریشن 4 اپریل سے شروع ہو گا۔ فلائٹ آپریشن بندش کے دوران پھنسے متاثرین کو ترجیح دی جائے گی۔ تمام پروازیں واپس صرف اسلام آباد ائر پورٹ پر لینڈ کریں گی۔ پروازیں اترنے کے بعد لاؤنج میں تمام مسافروں کاکرونا ٹیسٹ کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں تمام مسافروں کو چھ گھنٹے کے لئے مقامی ہوٹلوں میں رکھا جائے گا۔ جو مسافروں کلیئر ہوں گے ان کو گھر بھیج دیا جائے گا۔ متاثرہ مسافروں کو قرنطینہ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔ پی آئی اے تمام حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کرے گی۔ تمام طیاروں میں مکمل طور پر ڈس انفیکشن کی جائے گی۔ پی آئی اے اپنے عملے کی حفاظتی کو یقینی بنانے کے لئے تمام حفاظتی امور پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق فلائٹس سسٹم میں بکنگ کیلئے دستیاب ہوں گی۔ کرونا احتیاط کے پیش نظر پی آئی اے ویب سائٹ سے گھر رہ کر شفاف طریقے سے خریداری کو ترجیح دیں۔ تمام مسافروں سے التماس ہے کی سفر سے پہلے ماسک پہن کر آئیں، اس کے بغیر سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔ ادھر شہری ہوا بازی کی اتھارٹی نے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ جہاز کو جراثیم سے پاک اور مسافروں سے ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم پر کروانا لازمی ہوگا۔ تمام ائر لائن کی اپنی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پر ہلتھ ڈیکلیریشن فارم موجود ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔ حکومت نے ڈومیسٹک پروازوں کی معطلی کی تاریخ بڑھا دی۔ ترجمان ایوی ایشن کے مطابق ملک بھر میں ہر قسم کی ڈومیسٹک پروازیں 11 اپریل تک منسوخ رہیں گی‘ فیصلہ کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔ پہلے علاقائی پروازیں دو اپریل تک کیلئے منسوخ کی گئی تھیں۔ اسلام آباد سے گلگت اور سکردو کی پروازیں معمول کے مطابق چلتی رہیں گی۔ کارگو اور خصوصی طیاروں کو بھی پابندی سے استثنیٰ ہو گا۔
بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو لانے کیلئے پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی بحال
Apr 02, 2020