لاہور(خصوصی نامہ نگار) جمعیت علماء اسلام کے سر براہ مولانا فضل الرحمن نے تبلیغی جماعت کے خلاف منفی پراپیگنڈے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے لیئے ایک خاص ذہن کے تحت تبلیغی جماعت کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے اور تبلیغی جماعت کے اراکین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے جو قابل مذمت ہے۔ قوم جاننا چاہتی ہے کس کو بیلنس یا برابر کرنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ ہم نام نہاد حکومت پر واضح کر دینا چاہتے ہیں تبلیغی جماعت کو لاوارث نہ سمجھیں مرکزی میڈیا آفس کے مطابق وہ پارٹی راہنمائوں حافظ حسین احمد، مولانا محمد امجد خان گفتگوکر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت تبلیغی جماعت کا میڈیا ٹرائل ہو رہا ہے جس وقت ملک کو اتحاد واتفاق کی اشد ضرورت ہے اس وقت میں ملک میں فرقہ واریت اور انتشار کو ہوا دی جا رہی ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ تبلیغی جماعت ایک پر امن اور منظم جماعت ہے۔ تبلیغی جماعت پر کسی قسم کا ظلم وجبر برداشت نہیں کیا جا ئے گا‘جان بوجھ کر تبلیغی جماعت کے خلاف منفی پراپیگنڈا کرنے والے خدا کا خوف کریں۔ کیا پوری دنیا میں کرونا وائرس تبلیغی والوں کی وجہ سے پھیلا ہے۔