لاہور‘ بورے والا(نیٹ نیوز+ نمائندہ نوائے وقت) لڈن روڈ پر افسوسناک ٹریفک حادثہ میں تین بچوں اور تین خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ تفصیل کے مطابق لڈن روڈ پر ایک تیز رفتار ٹرک اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں آٹھ افراد جاں بحق ہو گئے۔ جہانگیر سکنہ لڈن اور اس کی فیملی کار میں سوار ہو کر لڈن روڈ سے آ رہے تھے کہ کار تیز رفتار ٹرک کے نیچے جا گھسی۔ جاں بحق افراد جہانگیر، شہریار، بلو، مہوش، صوہا، ماریہ، احمد اور علی کی نعشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ جبکہ پولیس نے حادثہ کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ افسوسناک واقعہ کا سنتے ہی پورا علاقہ سوگوار ہو گیا اور جاں بحق افراد کے آبائی علاقہ میں بھی کہرام مچ گیا۔ لاڑکانہ کے بائی پاس پر باراتیوں سے بھری بس الٹ گئی۔ حادثہ بس کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا۔ جس کے باعث 10 افراد موقع پر چل بسے۔ مرنے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں سوار باراتی لاڑکانہ شہر سے دادو جارہے تھے۔ بائی پاس پر بس کی ٹائی راڈ ٹوٹا اور بس ٹریکٹر سے ٹکرا گئی۔ ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں 10 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہیں جن میں 20 کی حالت تشویشناک ہے۔ جنہیں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔