لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے پنجاب حکومت کرونا وباء سے نمٹنے کیلئے غیرمعمولی اقدامات کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے آج بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو کرونا ویکسین لگوانے کیلئے ایمبولنس سروس کا افتتاح کیا ہے۔ ایمبولنس سروس کے ذریعے بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کو کرونا ویکسین لگوانے کیلئے گھر سے سنٹر پر لانے اور پھر گھر ڈراپ کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ حکومت نے ویکسینیشن کے مراکز میں مزید اضافے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی زیرقیادت پنجاب میں تاریخ ساز منصوبوں پر کام جاری ہے۔ 2 نئی نہریں، 7 اکنامک زونز، 12نئے ہسپتال اور 12نئی یونیورسٹیزکی تعمیر پر کام جاری ہے۔ علاوہ ازیں ایک ہزار کلومیٹر فارم ٹو مارکیٹ روڈز، ایک ہزار سکول لائبریریز اور ایک ہزار سائنس لیبز پر بھی کام جاری ہے۔ پنجاب کے تمام خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس کی فراہمی بزدار حکومت کے ایسے نمایاں منصوبے ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ مریم نواز کے بیرون ملک جانے کا عندیہ دینے پر معاون خصوصی نے کہاکہ ن لیگ کی بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے۔ ڈاکٹر عدنان جتنی بھی پٹیاں پڑھا لے جعلی راجکماری کو اب بھاگنے نہیں دیں گے۔ کرپٹ ٹولے سے ایک ایک پائی کا حساب لیں گے۔ ہشاش بشاش اداکارہ کو علاج نہیں ماہر نفسیات کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر جتنی پٹیاں پڑھا لے جعلی راجکماری کو بھاگنے نہیں دینگے: فردوس عاشق
Apr 02, 2021