عثمان بزدار سے پریس کلب لاہور کے  وفد کی ملاقات مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

Apr 02, 2021

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعلی نے صحافی کالونی ہربنس پورہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے بورڈ آف ریونیو سمیت تمام محکموں کو مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلی نے صحافی کالونی لاہور کے مسائل فوری کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ لاہور کے صحافی انکے لئے انتہائی محترم ہیں جن کی رہائشی کالونی کے مسائل کا فوری حل انکی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعلی نے صحافی کالونی کے بی بلاک کے مسائل اور ایف بلاک میں ترقیاتی کاموں کی رفتار کو تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں بورڈ آف ریونیو، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور واسا سمیت تمام محکمے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کریں۔  تحریک انصاف کی حکومت اپنے صحافی دوست ایجنڈے کو لاہور سمیت صوبے بھر کے صحافیوں اور دیگر طبقات کی معاونت سے آگے بڑھائے گی۔  نہ صرف صحافی کالونی ہربنس پورہ کے مسائل کو حل کیا جائے گا بلکہ لاہور پریس کلب کو پاکستان کا بہترین پریس کلب بنانے کیلئے صوبائی حکومت صحافیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وزیراعلی نے لاہور پریس کلب کے ممبران کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت کی یونیورسل ہیلتھ کارڈ سکیم میں شامل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی  نے کہا  کہ رواں سال کے اختتام تک صوبے کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کارڈ سکیم کے تحت صحت عامہ کی سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔  لاہور پریس کلب کے وفد نے صحافی کالونی ہربنس پورہ کے مسائل کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں