ضیاالدین یونیورسٹی کا اٹھارواں کانووکیشن‘ 582 طلبہ میں اسناد تقویض

Apr 02, 2021

کراچی (نیوزرپورٹر) ضیاالدین یونیورسٹی کے اٹھارویں جلسہ تقسیم اسناد کی پروقار تقریب میں مختلف شعبوں کے 582 طالب علموں کو اسناد تفویض کی گئیں۔ تقریب میں پی ایچ ڈی اور ایم فل سمیت ایم بی بی ایس، فارم ڈی، ڈینٹسٹری، آڈیو اینڈ اسپیچ لینگویج تھراپی، بایو میڈیکل انجینئرنگ، میڈیکل ٹیکنالوجی، فزیکل تھراپی، نرسنگ، کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سائنسز اور بی ایڈ کی شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات میں اسناد تفویض کی گئیں۔ جلسہ اسناد کی تقریب ضیاالدین یونیورسٹی سے متصل فیملی پارک میں منعقد کی گئی۔ضیاالدین یونیورسٹی کے اٹھارویں جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر پرو چانسلر ڈاکٹر ندا حسین نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے 9 طلبہ و طالبات میں گولڈ میڈل بھی تقسیم کیے گئے۔ جن میں منیشا دیوی (ایم بی بی ایس)، مریم ماجد (فارم ڈی)، عطرت فاطمہ شاہ (ڈینٹسٹری)، آمنہ بخاری (آڈیو اینڈ اسپیچ لینگویج تھراپی)، امل فاطمہ(بایو میڈیکل انجینئرنگ)، منیرہ مصطفی (میڈیکل ٹیکنالوجی)، مصباح (فزیکل تھراپی)، سید محسن علی (نرسنگ)، دانیال عابد خطیب (کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سائنسز) شامل ہیں ۔جلسہ تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضیاالدین یونیورسٹی کے چانسلر اور تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈاکٹر عاصم حسین کا کہنا تھا طالب علموں کے ساتھ ساتھ اساتذہ اور والدین بھی آج مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ آپ کی مدد ، رہنمائی اور بھرپور تعاون سے ہی یہ نوجوان آج اپنی منزل پا لینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ آج یہاں سے گریجویٹ ہونے والے طلبہ و طالبات معاشرے کی ترقی میں مثبت کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر عاصم حسین نے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی کی ضیاالدین یونیورسٹی کے لیے نو سالہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پروفسیر پیرزادہ قاسم تعلیمی اور ادبی حلقوں میں ایک بڑا نام ہیں اور ہمارے لیے بہت فخر کی بات ہے کہ ہمارے طالب علموں نے ان کے زیر سرپرستی تعلیم حاصل کی اور ضیاالدین یونیورسٹی نے اس دوران ان کی رہنمائی میں ترقی کے کئی منازل طے کیے۔

مزیدخبریں