اے میرے اللہ میں تیری پناہ پکڑتا ہوں!!!!!  

Apr 02, 2021

محمد اکرام چودھری

حضرت ابو موسیٰ اشعری بیان کرتے کہ نبی کریم صلی اللہ  علیہ وآلہ وسلّم نے ایسی جامع دعا سکھائی جس میں انسان سے سرزد ہونے والی خطاؤں کی ہر نوعیت شامل ہے۔
ترجمہ۔ الٰہی بخش دے میری خطا، میری جہالت اور میرے معاملے میں میری زیادتی کو معاف فرما اور اس چیز کو بھی بخش جس کو تو مجھ سے زیادہ جانتا ہے۔ اے اللہ بخش دے مجھ کو میری سنجیدگی اور میری بے پرواہی، میری خطا اور میرا قصد، یہ سب برائیاں مجھ میں ہیں، الٰہی مجھے بخش دے وہ گناہ جو میں نے اول کیے ہیں اور آخر کیے ہیں، وہ جو چھپ کر کئے ہیں اور ظاہر کئے ہیں اور وہ بھی جن کو تو مجھ سے زیادہ جانتا ہے تو ہی ہر چیز کو آگے رکھنے والا ہے اور پیچھے رکھنے والا ہے اور تو ہر چیز پر قادر ہے۔
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ دعا پڑھا کرتے تھے۔ ترجمہ۔ الٰہی میں تیری پناہ پکڑتا ہوں عاجزی سے، سستی سے، بزدلی سے بڑھاپے، قرض اور گناہ سے، الٰہی میں تیری پناہ پکڑتا ہوں عذاب دوزخ اور آگ کی آزمائش سے اور قبر کی آزمائش اور قبر کے عذاب سے اور آسودگی اور محتاجی کی آزمائش کی برائی سے اور دجال کافر کے فتنہ سے، الٰہی میرے گناہ برف اور اولے کے پانی سے دھو ڈال اور میرے دل کو گناہوں سے پاک کر جیسے سفید کپڑا میل سے پاک کیا جاتا ہے اور میرے اور میرے گناہوں کے درمیان ایسی دوری کر جیسے کہ تو نے مشرق و مغرب میں دوری کی ہے۔
حضرت زید بن ارقم رضی اللہ تعالی عنہ کہا کرتے تھے کہ میں تمہیں وہ دعا سکھاتا ہوں جوحضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پڑھا کرتے تھے۔ ترجمہ۔الٰہی ہیں میں تیری پناہ پکڑتا ہوں عاجزی سے، سستی سے، بزدلی بخل اور عذاب قبر سے، اے میرے اللہ میرے نفس کو تقویٰ نصیب فرما اور اس کو پاک فرما،  تو ہی اس کو بہتر پاک کرنے والا ہے تو ہی میرے نفس کا والی اور وارث ہے۔ اے اللہ میں تیری پناہ پکڑتا ہوں اس علم سے جو نفع نہ دے اس دل سے جس میں خشوع نہ ہو، اس نفس سے جو سیر نہ ہو اور اس دعا سے جو منظور نہ ہو۔
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ کے مطابق حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اکثر یہ دعا پڑھا کرتے تھے۔ اس دعا میں بھوک اور خیانت سے پناہ مانگی گئی ہے۔  بھوک برا رفیق ہے کہ اس سے انسان کو سکون اور راحت نہیں ملتی خیانت کو برا ہمراز کہا کہ اس سے انسان کو بالآخر نقصان ہی پہنچتا ہے۔
ترجمہ۔ الٰہی میں تیری پناہ پکڑتا ہوں بھوک سے کیونکہ وہ بیشک برے ساتھ والی ہے اور تیری پناہ پکڑتا ہوں خیانت سے کیونکہ وہ بری رفیق ہے۔
 حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلّم یہ دعا بھی پڑھا کرتے تھے۔ 
ترجمہ۔ اے اللہ میں تیری پناہ پکڑتا ہوں مخالفت سے منافقت سے اور برے اخلاق سے۔
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دعا کیا کرتے تھے۔ 
ترجمہ۔ اے اللہ میں تیری پناہ چاہتا ہوں برص سے،  دیوانہ پن سے، جذام سے اور بری بیماریوں سے۔ حضرت عطیہ بن مالک رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہِ وآلہ وسلم یہ دعا کیا کرتے تھے۔
ترجمہ۔ الہی میں تیری پناہ مانگتا ہوں بری عادتوں سے، برے کاموں سے بری خواہشوں اور بری بیماریوں سے۔
حضرت حضرت عبداللہ بن عمر  سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا میں یہ الفاظ شامل تھے۔
ترجمہ۔الٰہی میں تیری پناہ پکڑتا ہوں تیری نعمت کے چلے جانے سے تیری دی ہوئی عافیت کے بدل جانے سے اور تیرے فوری عذاب سے اور تیرے سب قسم کے غصے سے۔
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالی عنہا فرماتی ہیں کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم یہ دعا پڑھا کرتے تھے اے اللہ میں تیری پناہ چاہتا ہوں اس بات کی برائی سے جو میں نے کی اور اس بات کی برائی سے جو میں نے نہیں کی۔
حضرت ابو الیسر رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور صلی اللّہ علیہ وآلہ وسلم یہ دعا پڑھا کرتے تھے۔
ترجمہ۔الٰہی میں تیری پناہ مانگتا ہوں دب کر مرنے سے اور تیری پناہ پکڑتا ہوں گڑھے میں گر کر مرنے سے اور تیری پناہ مانگتا ہوں ڈوبنے سے اور جلنے سے اور بڑھاپے سے اور تیری پناہ پکڑتا ہوں اس سے کہ شیطان موت کے وقت میری عقل کھو دے اور تیری پناہ پکڑتا ہوں اس سے تیرے راستہ سے میں پیٹھ پھیر کر مروں اور تیری پناہ پکڑتا ہوں اس سے کہ سانپ بچھو کے کاٹے سے مجھے موت آئے۔
آپ صلی اللّہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ "تین دعائیں مقبول ہیں، ان میں کوئی شک نہیں مظلوم کی دعا، مسافر کی دعا اور عادل بادشاہ کی دعا۔ حضور صلی اللّہ علیہ وآلہ وسلم کا فرمان ہے کہ دو چیزیں بارگاہِ رب العزت سے رد نہیں کی جاتیں ایک اذان کے وقت دعا کرنا اور دوسرے جنگ میں صفوں کی مڈ بھیڑ میں دعا کرنا۔
قرآن مجید دعا کو عبادت کہتا ہے ارشاد باری تعالیٰ ہے۔ 
تمہارا رب کہتا ہے مجھے پکارو میں تمہاری دعا قبول کرونگا۔ جو لوگ گھمنڈ میں آ کر میری عبادت سے منہ موڑ لیتے ہیں ضرور وہ ذلیل و خوار ہو کر جہنم میں داخل ہوں گے۔

مزیدخبریں