ٹنڈوالہیارمیں سندھ حکومت کے تعاون سے این آئی سی وی ڈی کا قیام

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی)نے حکومتِ سندھ کے اشتراک سے ٹنڈوا لہیارمیں اپنے 30 ویں سینٹر کا آغاز کر دیا ہے، جس کی بدولت مریضوں کو امراضِ قلب کی فوری طبی امداد بالکل مفت فراہم کی جار ہی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی ذوالفقار ستار بچانی نے سینٹر کا باضابطہ افتتاح کیا،اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کی اعلی انتظامیہ اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔ ذوالفقار ستار بچانی نے ٹنڈوا لہیار میں این آئی سی وی ڈی کے سینٹر کے قیام کو اس شہراور اس کے اطراف میں بسنے والے لوگوں کے لیے تحفہ قرار دیا۔ یہ سینٹر این آئی سی وی ڈی حیدرآباد سے منسلک ہوگا، جہاں پر امراضِ قلب کی تمام تر جدید سہولیات جن میں پرائمری پی سی آئی، انجیوپلاسٹی، پیس میکرز، ایکوکارڈیوگرافی، اوپی ڈی، داخلا اور دیگر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ این آئی سی وی ڈی کے   ا یگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ چیسٹ پین یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی طبی امداد فراہم کرنے کے لئے فعال بنائے گئے ہیں، یہ یونٹس جدید طبی سہولیا ت سے آراستہ ہیں اور ان چیسٹ پین یونٹس میں ابتدائی تشخیص کی سہولت بھی میسر ہے۔ دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبی امداد کے بعد پرائمری انجیوپلاسٹی اور دیگر پروسیجرز کے لئے این آئی سی وی ڈی منتقل کیا جاتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن