غیر معیاری سٹنٹ کیس‘ نیب کو پرائسنگ کمیٹی کا ممبر بنانے کی استدعا مسترد 

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کو رٹ نے غیر معیاری سٹنٹ کیس میں قومی و صوبائی ہیلتھ کمشن کے سربراہوں اور ایڈووکیٹ جنرلزکو نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ عدالت نے نیب کو پرائسنگ کمیٹی کا ممبر بنانے کی استدعا بھی مسترد کر دی۔ چیف جسٹس گلزار احمدکی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سماعت کی ۔ چیئرمین لائف سیونگ ڈیوائسز پرائسنگ کمیٹی اظہر کیانی نے کہا کہ مارکیٹ میں غیر معیاری سٹنٹ کی بھرمار ہو گئی ہے۔ ناتجربہ کار مریضوں کو سٹنٹ ڈال رہے ہیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا غیر معیاری سٹنٹ امپورٹ کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔ چیف جسٹس نے کہا سپریم کورٹ نے غیر معیاری سٹنٹ کیخلاف فیصلہ دیا۔ عدالتی احکامات اور این آئی سی بی کی سفارشات پر عمل نہیں ہو رہا۔ سپریم کورٹ نے اپنے حکمنامے میں قرار دیا کہ ملک بھر میں غیر معیاری سٹنٹ استعمال ہو رہے ہیں۔ امراض قلب کے معاملات کو ناتجربہ کار  افراد پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ عدالت این آئی سی بی کی سفارشات پر عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کر لی۔ کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن