کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کے حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں حالیہ دنوں میں ماورائے عدالت قتل اور نام نہاد سرچ آپریشن کی مذمت کر تے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں ماورائے عدالت قتل کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے ۔جمعہ کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری  نے کہا کہ کشمیر اور بھارت سے مذاکرات کے حوالے سے موقف تبدیل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی قابض فورسز نے دو ہفتوں میں مزید چھ کشمیری شہید کر دیے، پاکستان ماورائے عدالت اور نام نہاد سرچ آپریشن کی مذمت کرتا ہے، بھارتی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، پاکستان کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کی جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کرتا ہے۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے یوم پاکستان پر وزیر اعظم عمران خان کو مبارکباد کا پیغام دیا تھا، وزیراعظم نے بھی جواب دیا تاہم کشمیر پر پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، کشمیر سمیت تمام دو طرفہ مسائل کے حل کے بغیر خطہ میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ 6 اپریل کو پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں، اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان جیو اسٹریٹیجک سے جیو اکنامکس کی طرف منتقل ہو چکا، مستقبل میں جو اقدامات ہونگے اس میں جیو اکنامکس کو مدنظر رکھا جائے گا، پاکستان بھارت سمیت تمام ہمسائیوں سے پرامن تعلقات چاہتا ہے، وزیر اعظم واضح کر چکے ہیں کشمیر کے تنازعے کا حل ناگزیر ہے، کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے اصولی موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، خطے میں امن اور استحکام کیلئے تصفیہ طلب تنازعات کا حل ناگزیر ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ تاجکستان دورے میں ہونے والی ملاقاتوں اور ہارٹ آف ایشاء استنبول پروسیس وزارتی کانفرنس میں وزیرخارجہ کی سربراہی میں پاکستان وفد کی شرکت اور وزیرخارجہ کے اس کانفرنس سے خطاب کے بارے میں بھی میڈیا کو بریف کیا  اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خا ن اور سعودی ولی عہد کے درمیان ہونے والے حالیہ رابطہ سمیت وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے دیگرملکوں کے ہم منصبوں سے رابطوں و دیگر مصروفیات کے بارے میں بھی میڈیا کو آگاہ کیا۔

ای پیپر دی نیشن