اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان میں مفاہمت کے لئے امریکہ کے سابق نمائندہ خصوصی اور اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ کے ممتاز سپیکر زلمے خلیل زاد نے یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے افغانستان کے بارے میں عالمی اتحاد اور انسانی بحران کو روکنے کے لیے مخلصانہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت پر زلمے خلیل زاد کا شکریہ ادا کیا۔ معزز مہمان نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ انہوں نے اسلام آباد سکیورٹی ڈائیلاگ میں شرکت کا موقع فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔