لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب میں حکومت سازی کیلئے سیاسی رابطوں میں بڑا بریک تھرو ہوا ہے۔ پی ٹی آئی ہم خیال (چھینہ گروپ) کے 14اراکین نے وزیر اعلیٰ پنجاب کیلئے امیدوار چوہدری پرویزالٰہی کی حمایت کا اعلان کردیا۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے نامزد وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی سے چھینہ گروپ کے ارکان اسمبلی غضنفر عباس چھنیہ، عامر عنایت شاہانی، علی رضا خان خاکوانی، اعجاز سلطان بندیشہ، محمد احسن جہانگیر، گلریز افضل گوندل، خواجہ دائود سلیمانی، سردار محی الدین کھوسہ، کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، تیمور علی لالی، سردار شہاب الدین سیہڑ، فیصل فاروق چیمہ، اعجاز خان اور غلام علی اصغر خان لہری نے ملاقات کی۔ جس میں پنجاب میں حکومت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری پرویز الٰہی نے جمعرات کے روز بھی چھینہ گروپ سے حمایت کیلئے ملاقات کی تھی جس میں چھینہ گروپ نے حتمی فیصلے کے لئے چوبیس گھنٹے کا وقت مانگا تھا۔ گزشتہ روز چھینہ گروپ نے ملاقات میں چوہدری پرویز الٰہی کی کی حمایت کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ دریں اثناء چودھری پرویزالٰہی سے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی جس میں محمد بشارت راجہ، حافظ عمار یاسر، چودھری ظہیرالدین، ڈاکٹر محمد افضل، احسان الحق، منیب سلطان چیمہ، مہندر پال سنگھ، عظمیٰ کاردار، عبداللہ یوسف وڑائچ، باؤ رضوان، وسیم خان بادوزئی، شوکت علی لالیکا، محمد ہاشم ڈوگر، مومنہ وحید، سردار آصف نکئی، میاں شفیع محمد، سبین گل، پیر سید سعید الحسن شاہ، میاں اسلم اقبال، ساجد احمد خان بھٹی، یاور عباس بخاری، ہاشم جواں بخت، شاہدہ ملک، طارق تارڑ، محسن لغاری، اویس دریشک، احمد خان، عامر نواز خان، سلیم بی بی، سید علی عباس شاہ، فیصل نیازی، اشرف انصاری، راجہ ہمایوں یاسر، چودھری عبداللہ یوسف، مس سونیا، چودھری لیاقت علی اور میاں اختر حیات شامل تھے۔ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس سے تحریک انصاف کے امیدوار برائے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر شفقت محمود اور راجہ بشارت نے خطاب کیا۔ پارلیمانی پارٹی نے نامزد وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور انہیں کامیاب بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران چودھری پرویزالٰہی کو بطور وزیراعلیٰ واضح اکثریت سے کامیاب کرانے کیلئے جامع حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس میں ن لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی کی کثیر تعداد اور چھینہ گروپ کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے خطاب میں وزیراعظم عمران خان اور سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جس عہدے کیلئے نامزد کیا گیا ہے اسے پوری خلوص نیت کے ساتھ نبھانے کی کوشش کروں گا، ہم نے عثمان بزدار کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کیا، ہم نے دو بڑی پارٹیوں کو زیر کر دیا ہے گھبرانے کی ضرورت نہیں، انشاء اللہ ووٹنگ کے روز کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی دل جیتے ہیں اور آئندہ بھی جیتیں گے، سب کوساتھ لے کر چلیں گے، پارلیمانی پارٹی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔