لاہور(خصوصی نامہ نگار )تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ بیجنگ کے ٹرائیکا پلس اجلاس میں افغان حکومت کو تسلیم نہ کرنا افسوسناک ہے۔ افغانستان میں افغان طالبان کی حکومت کو قائم ہوئے قریباً 8 ماہ ہو چکے ہیں اور اس دوران افغان حکومت نے دنیا سے کیے ہوئے تمام وعدے بھی پورے کر دئیے ہیں لیکن دنیا کے کسی ایک ملک کا بھی افغان حکومت کو تسلیم نہ کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دنیا میں حکومتوں کے وجود کو تسلیم کرنا آج بھی سامراجی قوتوں کی آشیرباد سے مشروط ہے۔ اْنہوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان میں او آئی سی کے دو اجلاس ہو چکے ہیں۔ اب بیجنگ میں ٹرائیکا پلس کا اجلاس بھی ہوا ہے جس میں افغانستان کے چھ ہمسایہ ممالک نے شرکت کی لیکن معاملات رسمی باتوں سے آگے نہ بڑھ سکے اور افغان حکومت کو تسلیم کرنے کا اعلان نہ ہوسکا۔ اْنہوں نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ کے حالیہ دورہ افغانستان میں افغانستان کو سی پیک منصوبے کا حصہ بنانے کی خواہش کا اظہار یقیناً مثبت بات ہے۔ لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان کے ساتھ دوستی ظاہر کرنے والے ممالک مل کر افغان حکومت کو تسلیم بھی کریں۔
بیجنگ : ٹرائیکا پلس اجلاس ، افغان حکومت کو تسلیم نہ کرنا افسوسناک :شجاع الدین شیخ
Apr 02, 2022