لاہور (بزنس رپورٹر) پاکستان کی معروف ایڈورٹائزنگ ایجنسی ’’ریڈ کمیونیکیشن آرٹس‘‘ کو دبئی میں مارکیٹنگ کانفرنس کے دوران دو ایوارڈز سے نوازا گیا۔ ایجنسی کو مسلسل تخلیقی اور معیاری ایڈورٹائزنگ کرنے کے صلے میں ’’بیسٹ کمپنیز‘‘ ایوارڈ جبکہ ایڈورٹائزنگ ایجنسی کی بانی اور سی ای او محترمہ سبین سہگل کو آؤٹ سٹینڈنگ لیڈرشپ ایوارڈ پیش کیا گیا۔ ریڈ کمیونیکیشن آرٹس محترمہ سبین گل کی سرپرستی میں گزشتہ 26 برسوں سے مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام حاصل کئے ہوئے ہے۔ یہ ایڈورٹائزنگ ایجنسی گزشتہ کئی برسوں کے دوران نہ صرف ملکی و بین الاقوامی ایوارڈز جیتنے میں کامیاب رہی بلکہ اس نے پاکستان کی ایڈورٹائزنگ کو جدید تخلیقی جہتوں سے بھی متعارف کرایا۔ ریڈ کمیونیکیشن آرٹس کی بانی اور سی ای او محترمہ سبین سہگل نے کہاہے کہ ہم ہمیشہ کی طرح آج بھی اپنے برینڈ کیلئے پرعزم ہیں اور ہم اس بات پر یقین رکھتے ہیں۔ برینڈ سے متعلقہ کسی بھی مسئلے کو صرف تخلیقی سوچ کیساتھ ہی حل کیا جا سکتا ہے کیو نکہ برینڈ سے متعلقہ مسائل لامحدود ہوتے ہیں جبکہ ہماری تخلیقی صلاحیتوں کی بنیاد پر ہم کسی بھی مسئلے کو ایک محدود سطح پر لا کر حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔