اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )ملک بھر میں ماہ رمضان کے دوران یوٹیلیٹی سٹورز پر سستی اشیاء کی خریداری کیلئے حد مقرر کر دی گئی۔ریلیف پیکج کے تحت سستی اشیاء کی خریداری قومی شناختی کارڈ سے مشروط ہوگی، عوام سستی اشیاء ایک حد تک خرید سکیں گے۔ آٹا، چینی، گھی اور کوکنگ آئل کی ماہانہ خریداری کیلئے حد مقرر کی گئی ہے۔اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز مقرر حد میں سبسڈی والی اشیاء فروحت کریں۔ایک شخص کو پورے ماہ میں 40 کلو سے زیادہ آٹا نہ دیا جائے جبکہ ایک ماہ کے دوران ایک شناختی کارڈ پر پانچ کلو سے زیادہ چینی فروحت نہ کی جائے، پانچ کلو سے زیادہ گھی اور دو لیٹر سے زیادہ کوکنگ آئل نہ دیا جائے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق مقرر حد سے زیادہ مقدار میں فروحت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ رمضان کے دوران سستی اشیاء کی خریداری کرنے والوں کا رش بڑھنے کی توقع ہے، اس لیے یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیاء کی قلت سے بچنے کیلئے خریداری کی حد مقرر کی گئی ہے۔