لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ گورننگ بورڈ کے سابق رکن اور سیالکوٹ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے سابق صدر محمد نعمان بٹ کا کہنا ہے کہ سیاہ رات ختم ہونے والی ہے ملکی کرکٹ کی بہتری کا سورج طلوع ہونے والا ہے پاکستان کرکٹ کو نقصان پہنچانے والوں کے کڑے احتساب کا وقت آن پہنچا ہے۔ دو ہزار اٹھارہ سے اب تک ملکی کرکٹ کو مالی اور انتظامی لحاظ سے نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ملک میں کھیل کے مواقع کم کرنے کے فیصلوں کی حمایت کرنے والوں نے اپنی نوکریاں تو بچائیں لیکن ملک کے مقبول ترین کھیل کے مستقبل کو شدید نقصان پہنچایا۔ جن لوگوں نے آنکھیں بند کر کے ذاتی مفادات کی خاطر کھیل دشمن فیصلوں کو تسلیم کیا پاکستان کے سینکڑوں کرکٹرز اور محنتی گراؤنڈ سٹاف کو ان کے نام اور چہرے یاد ہیں۔ دہائیوں بھاری سرمایہ کاری اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کے فیصلوں میں حصہ دار تمام افراد کا بوریا بستر گول ہونے والا ہے۔ کھیل کے انتظامی معاملات کرکٹ کے حقیقی سٹیک ہولڈرز ہی چلائیں گے۔ دہائیوں تک کھیل کی خدمت کرنے والوں کو دیوار سے لگانے اور آمرانہ انداز میں کرکٹ بورڈ کو چلانے کا نتیجہ یہ ہے کہ پی ایس ایل کے فرنچائز مالکان بھی کھلاڑیوں کی کمی کا شکوہ کر رہے ہیں۔ دو ہزار اٹھارہ سے آج تک کرکٹ بورڈ کا سرمایہ عہدیداران پر خرچ ہوتا رہا جبکہ کھلاڑیوں کا معاشی قتل کر دیا گیا۔ پاکستان سپر لیگ، ڈومیسٹک کرکٹ اور ملک میں کھیل کے میدان تباہ کرنے والوں کیساتھ کوئی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔ ملک میں کھیل کے میدان آباد ہوں گے۔ ملک بھر میں کلب کرکٹ دوبارہ شروع ہو گی۔کرکٹ بورڈ کو جمہوری انداز میں چلایا جائے گا۔