لاہور(سپورٹس ڈیسک) فٹبال ورلڈکپ 2022 ء کیلئے کھیلے جارہے کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران میچ میںسکیورٹی کی خلاف ورزی پر فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے سوال اٹھا دیئے۔ ارجنٹائن اور ایکواڈور کے مابین کھیلے گئے میچ میں معروف فٹبالر لیونل میسی کے ہمراہ سیلفی لینے کی کوشش میں ایک مداح نے انہیں زبردستی گردن سے پکڑ لیا، فین نے ایکواڈور کی جرسی پہن رکھی تھی، اپنے کیمرے کے لینز کے ذریعے غصے میں آنے والے میسی کو پکڑنے میں کامیاب ہو گیا تھا تاہم سکیورٹی اہلکاروں نے اسے جلد ہی گراؤنڈ سے باہر کردیا۔واقعہ کے بعد مداح نے انسٹاگرام پر اپنی تصویر کیساتھ ساتھ ‘‘ہر وقت کے بہترین کھلاڑی’’ کیساتھ ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی اور یہاں تک کہ میسی کی تعریف کرتے ہوئے ایک لمبا نوٹ بھی لکھا۔مداح نے لکھا کہ آپ صرف ایک بار جیتے ہیں اور ایک بار میرے لیے کافی ہے کیونکہ میں اب تک کے عظیم ترین کھلاڑی سے ملا ہوں۔آپ کا شکریہ ان تمام خوشگوار لمحات کیلئے جو آپ نے فٹبال کے شائقین کو دیئے، میں آپ سے پیار کرتا ہوں۔واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2022 کیلئے ارجنٹائن کا آخری کوالیفائنگ میچ تھا جو 1-1 کے برابری پر ختم ہوا تھا۔
مداح نے سیلفی کیلئے لیونل میسی کو گردن سے پکڑ کر دبوچ لیا
Apr 02, 2022