لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار اور راولپنڈی،اسلام آباد ٹیکس بارنے اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو کے تمام سسٹم کو آن لائن کرنے کے لیے سوفٹ ویئر مہیا کر دیا ۔ اس سے پاکستان بھر کے ٹیکس دہندگان اور ٹیکس پریکسٹیشنرز آن لائن سسٹم سے مستفید ہو نے کیساتھ ساتھ اپنے کیسز کی تفصیلات سے بر وقت آگاہ ہو سکیں گے۔اس سلسلہ میںپاکستان ٹیکس بار کے صدر رانا منیر حسین ،راولپنڈی ،اسلام آباد ٹیکس بار کے صدر سید تنصیر بخاری اور دیگر عہدیداروں نے چیئرمین اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو شاہد مسعود منظر سے ملاقات کی۔اس موقع پر اپیلٹ ٹربیونل کے جوڈیشل ممبران ایم ایم اکرم،عبدالباسط،اکائونٹنٹ ممبران محمد امتیاز،امتیاز احمد،پاکستان ٹیکس بار کے سینئر نائب صدر فراز فضل شیخ،سینئر نائب صدر راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار چودھری نعیم الحق،سیکرٹری جنرل آصف فرید ،چیئرمین آٹومیشن کمیٹی ٹیکس بار سید توقیر بخاری،سیکرٹری اطلاعات شہباز صدیق اوردیگر بھی موجود تھے۔چیئرمین ایپلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو شاہد مسعود منظر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے حصول سے بہت سے مراحل آسان ہو گئے ہیں ،اداروں میں اصلاحات اور ترقی آٹومیشن کے بغیر ممکن نہیں، آئی ٹی نے دنیا کو گلوبل ویلج بنا دیا ہے ،ٹیکس بارز کی جانب سے مہیا کیے گئے سوفٹ وئیر سے تمام سسٹم کو آن لائن کیا جائے گا۔ جس سے نہ صرف 30ہزار سے زائد زیر التوا ء کیسز کو نمٹانے میں مدد ملے گی بلکہ بروقت اطلاعات سے کیسزکی جلد شنوائی سے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔انہوںنے کہا کہ ٹیکس بار زکی طرف سے دیئے گئے سوفٹ ویئر سے انقلاب برپا ہوگا۔ جس سے ہزاروںکی تعداد میں ٹیکس دہندگان اور ٹیکس بارز ممبران استفادہ کر سکیں گے۔رانا منیر حسین اور سید تنصیر بخاری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ 32ہزار ارب روپے کا ٹیکس کیسوں کی مد میں رکا ہوا ہے، لیکن یہ نہیں بتایا جاتا کی اس میں حکومت ،ٹیکس بارز ،ٹیکس دہندگان کی کتنی کتنی اپیلیںہیں اور کتنا ریونیو کس کس شہر کا ہے ،اس سوفٹ ویئر کی انسٹالیشن کے بعد یہ حقائق سامنے آ سکیں گے۔
اپیلوں کا فوری فیصلہ ، سافٹ وئیر ٹیکس حکام کے حوالے کردیا : رانا منیر حسین
Apr 02, 2022