ملک کی خود مختاری پرکسی ملک کی مداخلت برداشت نہیں‘ ثروت اعجاز قادری

Apr 02, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کی خود مختاری پر دنیا کے کسی بھی ملک کی مداخلت برداشت نہیں کرینگے ،امریکا کے دھمکی آمیز خط کی شدید مذمت کرتے ہیں ملک کی بقاء وسلامتی اور استحکام کیلئے قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں ،مسلمان کا ایمان خوف خدا اور عشق رسول ہے جو پوری دنیا میں انصاف کی بالادستی قائم کرتاہے ،دنیا کے امن ،عدل انصاف قائم کرنے کیلئے مسلمانوں کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ہے ، پاکستان آزاد وخود مختار ملک ہے اس کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنیوالے اپنے ملکی معاملات توجہ دیں،کسی دوھونس دھمکی سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں ،غلامی کی زنجیر بنانے والوں کو ہمارے اکابرین نے پاکستان کو دنیا کے نقشے پر لاکر 74سال پہلے مزہ چکھادیا ہے ،پاکستانی قوم غیرتمند وجرأت مند قوم ہے جو دشمن کی سازشوں کا ناکام بنانا اچھی طرح جانتی ہے ،آئین وقانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں وزیر اعظم کی ان ہائوس تبدیلی مناسب وقت نہیں ملک کو چیلنجز کا سامنا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ قادری ہائوس پر کراچی ڈویژن و ڈسٹرکٹ عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ٹکرائو کی سیاست کسی کے مفاد میں نہیں ہے ،ان ہائوس تبدیلی کیلئے آئین اپنا راستہ خود بنائیگا ،انہوں نے کہا کہ امریکہ انسانی حقوق کا علمبردار بنتا ہے مقبوضہ کشمیر میں آج بھی ماورائے عدالت قتل عام ہورہا ہے ،مسلم نسل کشی کی جارہی ہے مگر بھارت کے خلاف کبھی بھی امریکہ نے قدم نہیں اٹھایا ،دہشتگردی کرنے اور مسلم نسل کشی کرنیوالے ملک کو امریکہ دوست سمجھتا ہے ،یوکرین کے عوام کے قتل پر امریکہ اور اقوام متحدہ نے جس طرح آواز بلند کی اس طرح کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کیلئے آواز کیوں بلند نہیں کی گئی ،امریکہ کا تعصب عیاں ہوچکا ہے پوری دنیا میں واحد پاکستان ملک ہے جہاں اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے ۔

مزیدخبریں