کراچی (نیوز رپورٹر)سندھ ہائی کورٹ نے فلیٹس کی چھت سے سائن بورڈ ہٹانے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ملیرمیں قائم رضا ریذیڈنسی کی چھت پر سائن بورڈ اور بل بورڈز لگانے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے فلیٹس کی چھت سے سائن بورڈ ہٹانے کا حکم دیا اور فریقین سے 15 روز میں رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست گزار پیر محمد تنویر نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں بتائے بغیر فلیٹ کی چھت پر بھاری بھرکم سائن بورڈ لگا دیا گیا۔ سائن بورڈ گرنے کا خدشہ ہے، کسی کی جان جاسکتی ہے۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ نے بھی شہر بھر سے سائن بورڈز، ہورڈنگ اور بل بورڈز ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ دوسری جانب گلشن اقبال حسن اسکوائر میں دوکانیں کھولنے سے متعلق کیس میں عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرلیے۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے کہا کہ مختیار کار گلشن اقبال نے دوکانیں خالی کرنے کا نوٹس دیا ہے۔ کئی برس سے بیٹھے ہیں، کے ایم سی کا این او سی بھی موجود ہے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آپ بھلے سے 1947 سے بیٹھے ہوں۔ اوپن اسپیس جگہ پر آپ کا کیا اختیار ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر کے ایم سی نے این او سی جاری کیا تو وہ بھی غلط ہوگا۔ وکیلِ درخواست گزار نے کہا کہ مختیار کار کو کارروائی سے روکا جائے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ ہم کسی کو کارروائی سے نہیں روکیں گے۔ سندھ ہائی کورٹ نے مختیار کار اور دیگر فریقین کو قانون کے مطابق کارروائی کا حکم دیتے ہوئے درخواست گزار سے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل طلب کرلیے۔