اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس سمیت تین ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں رانا ثنا ءاللہ کا کہنا تھاکہ چیف جسٹس سمیت تینوں ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا معاملہ زیر غور ہے۔ ریفرنس دائر کرنے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا لیکن تینوں ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تینوں ججز کا ایک کافی لمبا ریکارڈ ہے کہ ایسے فیصلے دیے جو ن لیگ کے خلاف تھے، ایک فیصلہ ایسا بھی ہے جسے صرف مسلم لیگ ن ہی غلط نہیں کہتی، بلکہ اس فیصلے کو ہر وہ شخص جو قانون کو تھوڑا بہت جانتا ہے آئین ری رائٹ کرنے کے مترادف قراردیتا ہے اور وہ فیصلہ 63 اے کے متعلق ہے جس کے تحت پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ختم کی گئی۔وزیرداخلہ کا کہنا تھاکہ اب بھی ایسا محسوس ہورہا ہے تینوں جج صاحبان ہر قیمت پر اس فیصلے کو خودکرنے پر بضد ہیں۔انہوں نے کہا کہ نو رکنی بنچ بنا پھر 7 کا رہ گیا، پھر5 کا رہ گیا، پھر چار کا رہ گیا اور اب تین کا ہے۔ تینوں ججز نے فل کورٹ کی استدعا مسترد کر دی ہے۔ تینوں ججز نے اپنے ساتھی اکثریتی ججز کی بات بھی تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ہمارے پاس کوئی صورت نہیں کہ ہم اپنا احتجاج نوٹ کرائیں۔
رانا ثنائ
چیف جسٹس سمیت 3 ججز کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے : رانا ثنا
Apr 02, 2023