90 روزمیںالیکشن نہ ہوا تو سڑکوں پر ہونگے ، باجوہ نے بھارت سے دوستی کیلئے دباو¿ ڈالا : عمران 

Apr 02, 2023


لاہور (نیوز رپورٹر) عمران خان نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جنرل باجوہ بھارت سے دوستی چاہتے تھے جس کے لیے مجھ پر دباو¿ بھی ڈالا گیا۔ میری غیر موجودگی میں میرے گھر پر حملے کا کوئی جواز نہیں تھا، گھر پر حملے سے متعلق کیس تیار کر لیا ہے، جلد ہی فائل کر دیا جائے گا۔ نگران حکومت کو نیوٹرل کا کردار ادا کرنا چاہیے تھا جو وہ ادا نہیں کر رہے۔ محسن نقوی، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور جرائم پیشہ ہیں۔ 90 روز میں الیکشن نہ ہوئے تو ملک میں آئین نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہے گی۔ 90 دن میں الیکشن نہ کرائے گئے تو ہم سڑکوں پر نکلیں گے، یہ لوگ کس قانون کے تحت پنجاب اور خیبر پی کے کی اسمبلیاں بحال کریں گے؟۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا میڈیا پر ہمارا مکمل بلیک آﺅٹ کیا گیا، سوشل میڈیا بھی کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔عمران نے ویڈیو لنک پر خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان معاشی بحران میں دھنستا چلا جا رہا ہے۔ پاکستان کا روپیہ نیچے اور قرضے بڑھتے جا رہے ہیں۔ یہ اکتوبر میں بھی الیکشن نہیں کرائیں گے۔ شکست کے ڈر سے یہ عدالتی فیصلہ نہیں مان رہے۔ یہی جج ہمارے خلاف بھی فیصلہ دے چکے ہیں۔ مجھے نااہل کر کے الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔ سزا یافتہ مفرور لندن میں بیٹھ کر فیصلہ کر رہا ہے اور یہ جائیں گے اور یہ نہیں آئیں گے کہتا ہے کہ 90 دن کے اندر الیکشن ہونگے۔ سپریم کورٹ کا کام ہی آئین پر عملدرآمد کرانا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کو جلسوں میں پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ ہمیں جلسے اور ریلیوں کی اجازت نہیں دی جاتی۔ ہم نے اپنی اسمبلیاںقانونی شق کو دیکھتے ہوئے توڑیں۔ جہاں قانون کی حکمرانی ہو‘ وہ ملک خوشحال ہوتا ہے۔ جب تک سیاسی استحکام نہ ہو معیشت ٹھیک نہیں ہو سکتی۔ انہیں ڈر ہے یہ پنجاب اور خیبر پی کے میں بری طرح ہار جائیں گے۔ سب کو کہتا ہوں یہ حقیقی آزادی کیلئے جہاد ہے۔

مزیدخبریں