لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) ملک میں جاری معاشی بحران اور بے روزگاری سے پریشان حال اور نادار افراد کیلئے الخدمت مواخات پروگرام چلا یاجارہا ہے۔ الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے تحت اب تک ملک بھر میں 11 ہزار افراد میں32 کروڑ 39 لاکھ روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جاچکی ہے ۔ان قرضوں کا مقصد چھوٹے کاروبار شروع کرنے یا ان میں اضافہ کرنے کیلئے بلا سود قرضے دے کر مستحق افراد کی معاونت کرنا ہے۔ اس حوالے سے الخدمت مواخات پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر میاں بابر حمید نے بتایا کہ الخدمت مواخات پروگرام بے روزگارافراد کو روزگار شروع کروانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔مہنگائی اوربیروزگاری کے دور میں شہریوں کی مدد ہمارا فرض ہے۔ الخدمت دکھی انسانیت کی خدمت کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ مواخات پروگرام کی بنیاد مواخات مدینہ کی طرز پر رکھی گئی ہے۔جس کے تحت محنت کشوں کو سود سے پاک اور اسلامی طریقہ کار کے مطابق قرض حسنہ فراہم کیا جا رہا ہے ۔