لاہور (نیوز رپورٹر) تحریک انصاف سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے پریس کانفرنس کرتے ھوئے کہاکہ اس وقت معیشت کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے۔ اس وقت راج نیتی کے کھیل میں غریب عوام کا حال سب بھول گئے ہیں۔ جو اینکرز پٹرول کی چار روپے قیمت بڑھنے پر ٹاک شوز کرتے تھے وہ آج کل خاموش تھے۔ پچھلے سال مہنگائی کی شرح اسی ماہ 12.4 فیصد تھی آج یہ شرح 35.4 فیصد ہو گئی ہے۔ 47 فیصد کھانے پینے کی اشیاءمیں اضافہ ہوا ہے۔ پچھلے سال آٹے کی 20 کلو کی بوری 1120 روپے تھی آج 2600 روپے سے زائد ہو گیا ہے۔ ملک میں گورننس نہیں ہو رہی، عمران خان کا خوف حکمرانوں پر چھایا ہوا ہے۔ مفت آٹے کی سکیم کا اعلان کر کے غریب کا استحصال کیا گیا ھے۔ انہوں نے اپنی سیاسی دکان چمکانے کے لئے مارکیٹوں میں آٹے کے ٹرک لا کر کھڑے کئے ہیں۔ یہ ظالم حکمرانوں کا اپنے سرمائے اور سیاست کے علاوہ کسی چیز کی فکر نہیں۔ لاکھوں لوگ بے روزگار ہو چکے ہیں صنعت بند ہو چکی ہے۔ شرح سود اس وقت 22 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ آئی ایم ایف کا معاہدہ ہمیں دور دور تک نظر نہیں آ رہا۔ معاہدے کے دور دور تک آثار نظر نہیں آ رہے۔ ایک مفرور شخص باہر سے بیٹھا دھمکیاں لگا رہا ہے۔
حماد اظہر