لاہور(خصوصی نامہ نگار )سیکرٹری،چیف ایڈ منسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے حضرت خدیجہ الکبریٰ ؓکے یومِ وصال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حضرت خدیجہ مسلمان خواتین کیلئے رول ماڈل ہیں۔ دین اسلام کیلئے ان کی لازوال خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا گیا اور نبی اکرم نے آپؓ کی تحسین فرمائی۔ آپؓ بزنس وِیمن کے طور پر ایک عظیم کاروباری ایمپائر کی مالک تھیں۔ جس کے قافلے اور تجارتی کاررواں ایران و شام کے دو ر دراز خطوں میں سفر کرتے۔ انہوں نے اپنے مال اور رفاقت کے ذریعے پیغمبر اسلام کی مصاحبت اور رفیقہ حیات ہونے کا ایسا حق اداکیا۔ سیکرٹری اوقاف نے اِس موقع پر دربار حضرت پیرمکیؒ میں خواتین میں خصوصی طور پر”رمضان گفٹ پیک “تقسیم کر کے دین اسلام کی سر بلندی اور سرفرازی کیلئے خواتین کے کردار اور بطور خاص ملیکہ العرب ام المومنین حضرت خدیجہ الکبریٰ ؓ کی روشن، تابناک اور عالی حوصلہ شخصیت کی بارگاہ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔ دریں اثناءحضرت خواجہ محمد یار فریدی ؒ کے دربار سے منسلک ایوان نازک کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا۔ سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سجادہ نشین خواجہ غلام قطب الدین فریدی کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف طاہر رضا بخاری نے کہا کہ اہل علم کے آستانے علم ہدایت اور رہنمائی کے مینار ہیں۔ صوفیاءکی ملک و ملت کیلئے خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ایوان نازک خطہ میں دینی اعتبار سے نئی راہیں کھولے گا۔ مشائخ کی ذمہ داری ہے کہ وہ موجودہ حالات کے پیش نظر عوام کی تربیت کریں۔ منبر و محراب سے آپسی شدت پسندی کے خاتمے کیلئے گفتگو ناگزیز ہوچکی ہے۔