کراچی (نوائے وقت رپورٹ) زکوٰۃ کی تقسیم کے دوران بھگدڑ سے ہلاکتوں کے واقعے کے بعد گرفتار فیکٹری مالک سمیت 8 ملزمان کو عدالت نے ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ غربی نے سائٹ ایریا کی نجی فیکٹری میں بھگدڑ مچنے سے 12 افراد کی ہلاکت کے مقدمے میں فیکٹری مالک سمیت 8 ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کے روبرو نجی فیکٹری میں بھگدڑ مچنے سے 12 افراد کی ہلاکت کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں پولیس نے گرفتار 8 افراد کو پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیشی کرنی ہے، استدعا ہے کہ 14روز کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کے خلاف کوئی جرم نہیں بنتا، بری کیا جائے۔ ملزمان نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ فیکٹری مالک عبد الخالق اس وقت وہاں موجود نہیں تھا، جسے گرفتار کیا گیا ہے۔ عدالت نے فیکٹری مالک سمیت دیگر ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے ملزمان کو رہا کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ مقدمہ فیکٹری کے مالک عبدالخالق سمیت دیگر ملازمین کے خلاف غفلت اور لاپروائی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔