میانوالی‘نارنگ منڈی‘فیروزوالا (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) بارش سے مکان کی چھتیں گر گئیں‘ ماں بیٹا جاں بحق‘ تین زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ اوچھالی میں شیر زمان قوم مسلم شیخ کے مکان کی چھت گرنے سے اس کی چالیس سالہ بیوی نسیم بی بی اور گیارہ سالہ بیٹا محمد ادب خان جاں بحق ہو گئے۔ گزشتہ رات بارشوں کی وجہ سے قریب پہاڑی کا تودہ گرنے سے ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے۔ نارنگ گردونواح میںدو روز سے جاری مسلسل بارشوں سے نواحی گائوں منڈھیالی میں مکان کی چھت گر گئی، جس سے کمرے میں سوئے ہوئے ایک خاتون حمیرا عمر 26 سال جبکہ محسن عمر 30 سال، مراد عمر 60 سال شدید زخمی ہو گئے۔ ریسکیو نے تینوں زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔