سرگودھا، آٹا تقسیم مرکز پر بزرگ جاں بحق، پشاور میں پولیس سے جھڑپیں، شیلنگ، لاٹھی چارج

Apr 02, 2023

سرگودھا ‘ پشاور (نمائندہ خصوصی) سرگودھا میں ایک بزرگ شہری مفت آٹے کے حصول میں دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔ پشاور میں آٹے کی مفت تقسیم کے دوران ہنگامہ آرائی ہو گئی۔ شہریوں اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔ آٹے کی مفت فراہمی کے دوران بدنظمی ہو گئی۔ پشاور حیات آباد میں آٹے کے حصول کیلئے شہری اور پولیس آمنے سامنے آگئے۔ شہریوں نے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں گھنسے کی کوشش کی جسے پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو ہجوم بپھرنے لگا۔ شہریوں کو روکنے کیلئے پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا اور آنسو گیس کا استعمال کیا گیا۔سرگودھا میں مفت آٹا پوائنٹس پر شدید رش میں دم گھٹنے سے شہری دم توڑ گیا جس کی آٹا کی جگہ میت گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے وقوعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دے کر رپورٹ طلب کر لی۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا شہر میں مفت آٹا پوائنٹس پر شدید رش جاری ہے کہ اس دوران گورنمنٹ گرلز ہائی سکول استقلال آباد پر قائم مفت آٹا پوائنٹس پر آٹا لینے آنے والے صابر ٹاؤن کا شہری محمد ریاض کی شدید رش میں دم گھٹنے سے حالت غیر ہو گئی جس کو ریسکیو کر کے ڈی ایچ کیو  ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ متوفی محمد ریاض دل اور گردوں کے امراض میں مبتلا تھا اور اس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی اور اس کے بیٹے جہانگیر نے والد کی موت کو قدرتی وفات قرار دیا جس کو قبل ازیں دو مرتبہ دل کا دورہ پڑا اور حالیہ دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔ ڈپٹی کمشنر کپیٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے وقوعہ کی فوری تحقیقات کا حکم دے کر رپورٹ طلب کر لی۔

مزیدخبریں